بطل حریت راجہ حیدر کی ریاستی عوام کیلئے خدمات مشعل راہ ‘مرحوم عظیم شخصیت نڈر دلیر اور تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو تھے

پیپلز علماء فورم پاکستان کے صدر ممتاز عالم دین مفتی بشیر احمد عسکری کی بات چیت

ہفتہ 21 اپریل 2018 19:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2018ء) پیپلز علماء فورم پاکستان کے صدر ممتاز عالم دین مفتی بشیر احمد عسکری نے کہا ہے کہ بطل حریت غازی ملت راجہ محمد حیدر خان کی ریاستی عوام کیلئے خدمات مشعل راہ ہیں ۔مرحوم عظیم شخصیت نڈر دلیر اور تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو تھے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راجہ حیدر خان کی برسی کے حوالے سے علماء کرام کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ حکومت کے خلاف علم جہاد بلند کیا اور 1947؁ء میں نانگا پیر اور کھلا بٹ کے مقام سے پہلی گولی چلا کر سینکڑوں ڈوگروں کو واصل جہنم کیا اس وقت ان کے ہمراہ عظیم روحانی پیشوا علی اصغر شاہ مرحوم آف سیری پیراں بھی تھے ۔انہوں نے کہا کہ راجہ حیدر خان نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز حق کو بلند کیا ۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ کا خاص فضل و کرم یہ ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے راجہ سکندر خان کے چار ستارے پیدا کیے ۔

راجہ محمد افضل خان جاگیردار تھے ،راجہ جان محمد خان مذہبی رہنما اور حق گو تھے ۔راجہ محمد لطیف خان ایم ایل اے منتخب ہوئے اور لوگوں کے دلوں پر حکومت کی ۔راجہ حیدر خان غریب پرور اور تحریک آزادی کے ہیرو تھے ۔راجہ حیدر خان کی سیاسی خدمات پاکستان و آزادکشمیر میں ایک مسلمہ حقیقت ہیں ۔جنہیں کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔اس طرح ان کے بیٹے راجہ فاروق حیدر خان آزادکشمیر کی واحد شخصیت ہیں جو کرپشن سے پاک لیڈر ہیں اور ریاست کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خدمت کر رہے ہیں ۔

مفتی بشیر عسکری نے کہا ہے کہ فاروق حیدر کا ایک عظیم تاریخی اور مذہبی کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے قادیانیوں کو آزادکشمیر اسمبلی سے غیر مسلم اقلیت کا بل پاس کروایا ۔اس پر ہم راجہ فاروق حیدر خان اور تمام ممبران اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے راجہ حیدر خان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی اور ان کی خدمات کو سراہا ۔