پیپلز پارٹی کی خواتین کارکنوں نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر بے ہودگی کے مظاہرے کی انتہاء کردی

پیپلز یونٹی کی جانب سے انتخابات جیتنے پر اسلام آباد ائر پورٹ کا بریفنگ ہال ڈانس کلب بن گیا، ایئر ہوسٹس اور فلائٹ سٹیورڈ کا بھارتی گانے ’’ لیلیٰ ‘‘ پر رقص ‘خاتون ایئر ہوسٹس کے ٹھمکے دیکھنے والے دنگ رہ گئے، مخلوط ڈانس کی ویڈیو وائرل ہونے پر ہر طرف ’’واہ واہ ‘‘ہو گئی

ہفتہ 21 اپریل 2018 19:10

پیپلز پارٹی کی خواتین کارکنوں نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر بے ہودگی کے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2018ء) باکمال سروس کے لوگ بھی ایسے باکمال نکلے کے تمام حدیں عبور کر ڈالیں۔ قومی ائر لائن کی کارکردگی چاہیئے جیسی ہو لیکن ملازمین نے ڈانس میں خوب مہارت حاصل کر لی ہے۔ ائر پورٹ یونین کے انتخابات جیتنے پر پیپلز یونٹی نے جیت کا جشن مناتے ہوئے باکمال لوگوں نے بھارتی گانوں پر لاجواب رقص پیش کیا۔

اسلام آباد ائر پورٹ کا بریفنگ ہال ڈانس کلب بن گیا۔ اس موقع پر خواتین اور مرد دل کھول کر رقص کرتے رہے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ریفرنڈم میں (ن) لیگ کی حمایت یافتہ سی بی اے یونین ایئر لیگ کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کام دکھا گیا اور پی آئی اے ریفرنڈم میں بھی سینیٹ الیکشن جیسی صورت حال دیکھنے میں آئی۔

(جاری ہے)

پیپلز یونٹی 4 ہزار 28 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائی جبکہ سویپ ایئر لیگ نے صرف ایک ہزار 797ووٹ حاصل کیے، الیکشن میں مجموعی طور پر 6 ہزار ووٹ کاسٹ کیے گئے۔اپوزیشن جماعتوں کی حمایت یافتہ یونین انصاف فرنٹ، پیاسی یونائٹڈ ورکرز فرنٹ اور سکائی ویز نے پیپلز یونٹی کا ریفرنڈم میں بھرپور ساتھ دیا علاوہ ازیں پی آئی اے میں منعقد ہونے والے ریفرنڈم میں گرینڈ الائنس نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔

پیپلز یونٹی کے الیکشن جیتنے پر اسلام آباد اور لاہور میں فاتح پینل کی جانب سے بھرپور جشن منایا گیا۔ اسلام آباد میں جشن کے دوران ایک ایئر ہوسٹس اور فلائٹ سٹیورڈ مل کر بھارتی گانے ’’ لیلیٰ ‘‘ پر رقص کرتے رہے، اس دوران خاتون ایئر ہوسٹس نے ایسے ٹھمکے لگائے کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔دوسری جانب لاہور میں بھی پیپلز یونٹی کی فتح پر بھرپور جشن منایا گیا اور جیالے اور جیالیاں مخلوط محفل میں پنجابی گانوں پر رقص کرتے رہے۔