پاکستانی جوڈوکاز شاہ حسین شاہ اور قیصر خان نے سائوتھ ایشین جوڈو چیمپئن شپ میں طلائی تمغے جیت لئے، حمیرا عاشق اور مریم نے چاندی کے تمغے حاصل کئے

ہفتہ 21 اپریل 2018 18:06

پاکستانی جوڈوکاز شاہ حسین شاہ اور قیصر خان نے سائوتھ ایشین جوڈو چیمپئن ..
کھٹمنڈو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) پاکستانی جوڈوکاز شاہ حسین شاہ اور قیصر خان نے سائوتھ ایشین جوڈو چیمپئن شپ میں طلائی تمغے جیت لئے، حمیرا عاشق اور مریم نے چاندی کے تمغے حاصل کئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو نیپال میں شروع ہونے والی چیمپئن شپ کے ابتدائی روز پاکستانی جوڈوکاز نے مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی اور دو چاندی کے تمغے جیتے، پاکستانی جوڈوکا قیصر خان نے مائنس 90 کلوگرام کیٹگری کے پہلے رائونڈ میں روایتی حریف بھارتی کھلاڑی کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، لاسٹ فور مقابلے میں انہوں نے سری لنکن کھلاڑی کو زیر کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، قیصر نے فیصلہ کن معرکے میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور میزبان نیپال کے کھلاڑی کو شکست فاش سے دوچار کر کے طلائی تمغہ اپنے نام کیا، مینز 100 پلس کیٹگری میں پاکستان کے سٹار جوڈوکا شاہ حسین شاہ نے ابتدائی رائونڈ میں بھارتی کھلاڑی کو زیر کر کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، سیمی فائنل میں انہو ںنے نیپالی کھلاڑی کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی، انہوں نے فائنل میں سری لنکن کھلاڑی کو مات دے کر طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، پاکستان کی حمیرا عاشق اور مریم نے خواتین کی مائنس 48 اور مائنس 52 کلوگرام کیٹگریز میں چاندی کے تمغے جیتے، دونوں کھلاڑیوں کو فائنلز میں بھارتی کھلاڑیوں کے ہاتھوں شکست ہوئی، چیمپئن شپ میں پاکستان کے علاوہ میزبان نیپال، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھوٹان کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، پاکستان کے 6 مرد اور 5 خواتین جوڈوکاز حصہ لے رہی ہیں، مرد کھلاڑیوں میں شاہ حسین شاہ، قیصر خان، مدثر علی، محمد عباس، بابر حسین اور ندیم اکرم جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں حمیرا عاشق، مریم، شمائیلہ گل، عاصمہ بانو اور بینش خان شامل ہیں۔