سپریم کورٹ نے سموگ سے متعلق ازخودنوٹس کیس میں سموگ کمیشن کو 9 جون تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا

ہفتہ 21 اپریل 2018 17:43

سپریم کورٹ نے سموگ سے متعلق ازخودنوٹس کیس میں سموگ کمیشن کو 9 جون تک ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے سموگ سے متعلق ازخودنوٹس کیس میں سموگ کمیشن کو 9 جون تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ نسلوں کی صحت کامعاملہ ہے،اس پرتاخیربرداشت نہیں کی جائیگی۔۔چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ہفتہ کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سموگ کے معاملے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار ،سموگ کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر پرویز حسن، محکمہ ماحولیات کے لا افسران اور دیگر عہدیداران پیش ہوئے۔ وکیل شیراز ذکا نے عدالت کو بتایاکہ سموگ کے پھیلا سے انسانی صحت اورماحول متاثرہورہاہے،بنیادی حقوق کامعاملہ ہے،سموگ کی روک تھام کیلئے حکومت کوحکم جاری کیاجائے۔عدالت عظمی نے حکم دیا کہ اسموگ کمیشن رپورٹ مرتب کرکے 9 جون کو پیش کرے۔عدالت نے قرار دیا کہ اسموگ کے خلاف زیر التوا درخواستیں کمیشن رپورٹ کے بعد یکجا کرنے کاحکم دیں گے۔۔