تحریک پاکستان میں کشمیریوں کالہوشامل ہے،چوہدری طارق فاروق

بھارتی درندگی سے شہید ہونے والے کشمیریوں کوپاکستانی پرچم میں دفن کیاجاتاہے، ایک مضبوط ،ترقی یافتہ اورمعاشی اعتبار سے پائیدارپاکستان تحریک آزادی کشمیر کاضامن ہوسکتاہے، محکمہ تعلیم اور دیگرمحکموں میں تقرریاںمیرٹ پرہورہی ہیں، تعلیمی نظام میں مزید اصلاحات لارہے ہیں،قائم مقام وزیراعظم آزادکشمیر

ہفتہ 21 اپریل 2018 17:26

میرپور/پنجیڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) آزادکشمیرکے قائمقام وزیراعظم چوہدری طارق فاروق نے کہاہے کہ تحریک پاکستان میں کشمیریوں کالہوشامل ہے۔ آ ج بھی مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی درندگی سے شہید ہونے والے کشمیریوں کوپاکستانی پرچم میں دفن کیاجاتاہے۔ تحریک پاکستان کے تمام کردار خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ایک مضبوط ،ترقی یافتہ اورمعاشی اعتبار سے پائیدارپاکستان تحریک آزادی کشمیر کاضامن ہوسکتاہے۔

موجودہ حکومت نے وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان کی سربراہی میں حکومت سنبھالتے ہی اپنی تین ترجیحات کاتعین کیاتھا جس میں تحریک آزادی کشمیر،خطہ میں گڈگورننس کاقیام اور میرٹ کی بالادستی کوقائم کرناتھا ۔ سابقہ دورحکومت میں تعلیم کانظام تباہ حالی کی طرف تھا۔

(جاری ہے)

پارٹی اور تعصب کی بنیاد پرنوکریاں دی جاتی تھیںہم نے آتے ہی تعلیمی نظام کوبہتربنانے کاآغاز کیاہے جو ایک بڑامشکل کام تھا۔

اب محکمہ تعلیم اور دیگرمحکموں میں تقرریاںمیرٹ پرہورہی ہیں۔ تعلیمی نظام میں مزید اصلاحات لارہے ہیں۔ سکولوں میں تین ہزار اور کالج ٹیچرز کی 1100 خالی آسامیوں پرتقرریاں این ٹی ایس اور پی ایس سی کے ذریعے میرٹ پرکریں گے۔ مڈل اور میٹرک اساتذہ کوباوقار اورتمام سہولیات ومراعات دے کرگولڈن ہینڈ شیک کے ذریعے ان کی ریٹائرمنٹ کررہے ہیں۔ماہرین تعلیم نظام تعلیم کی بہتری کے لیے تجاویزدیں اور رہنمائی کریں۔

اساتذہ نئی نسل کونظریہ الحاق پاکستان ،تحریک آزادی کشمیرسے روشناس رکھنے کے لیے ان کی نظریاتی اور فکری لام بندی کریںاور انھیں دورجدید کے تقاضوں کے مطابق تدریسی سہولیات فراہم کریں۔حکومت تعلیمی اداروںکی تمام جملہ ضروریات پوری کرے گی۔ان خیالات کااظہار انھوں نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج پنجیڑی میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پرنسپل کالج پروفیسر بشارت الزماں نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کالج کے جملہ مسائل ومعاملات اور کالج کی کارکردگی پرتفصیلی روشنی ڈالی۔اس موقع پرسابق چیئرمین احتساب بیورو برگیڈیئر (ر)راجہ سعید اختر، ڈپٹی کمشنرچوہدری گفتارحسین، ڈائریکٹر جنرل لبریشن سیل فداحسین کیانی، ایس پی راجہ مظہراقبال، سابق کمشنر راجہ فضل الرحمان، ممتاز بنکار راجہ نسیم محمود، کرنل(ر) افتخارحسین، ڈویژنل ڈائریکٹرتعلیم کالجز پروفیسر طاہر فاروق ، مسلم لیگ ن حلقہ بھمبرکے صدرراجہ اظہراقبال، ممتاز بنکار راجہ مسعود اکرم، سابق کونسلر راجہ محمداسحاق، سابق چیئرمین راجہ پرویز خان، راجہ امتیاز احمد، محمدحنیف، راجہ محمدیعقوب خان،چوہدری شفیق، حافظ ساجد، پرنسپل راجہ افتخار احمد، سابق ڈی ای او راجہ راشدتراب کے علاوہ ماہرین تعلیم ،کالج کے اساتذہ، طالبات اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔

قائمقام وزیراعظم چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ بھمبرمیں تعلیم کامعیار بہت آگے ہیں جس کی تقلید آزادکشمیر کے دوسرے تمام اضلاع کوکرنی چاہیے ۔ انھوں نے کہاکہ بھمبرکی سرزمین بڑی زرخیز ہے جہاں سے پاک فو ج اور سول سروس میں لوگوں نے بڑے نام کمائے۔انھوں نے کہاکہ بھمبرمیں اب خوف اور ڈرکی کوئی فضاء نہیں ہے۔ ہم بھائی چارے کی فضاء کوفروغ دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ کسی بھی ملک اور قوم کی ترقی میں مضبوط تعلیمی نظام کا بڑااہم رول ہے ۔ حکومت آزادکشمیروزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان کی قیادت میں تعلیمی اور تدریسی نظام میں اصلاحات لارہی ہے۔ہماری کوشش ہے کہ نئی نسل کودورجدید کے تمام تقاضوں اورعلوم سے آشناء کیاجائے تاکہ وہ دنیاکے چیلنجوں کامقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔ انھوںنے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر برطانیہ میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی آمد پرزبردست مظاہرے کی قیادت کی ہے اورمقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں پرڈھائے جانے والے مظالم کودنیاکے سامنے بے نقاب کیاہے جس سے تحریک آزادی کشمیر پرمثبت اثرات مرتب ہونگے۔

قائمقام وزیراعظم نے کہاکہ کشمیری تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے بھرپورجدوجہد کررہے ہیںاور وہ وقت اب زیادہ دورنہیں جب مقبوضہ کشمیربھارت کے چنگل سے آزاد ہوکر پاکستان کاحصہ بنے گا۔اس موقع پرقائمقام وزیراعظم نے کالج کے لیے پانچ لاکھ روپے ،گرائونڈ کی چاردیواری اور کالج کے لیے ایک بڑے حال کی تعمیر کااعلان کیا۔انھوں نے سپاسنامہ میں پیش کیے گئے تمام مطالبا ت منظور کرتے ہوئے کالج کے جملہ سٹاف کی کمی کوپوراکرنے اور دیگرمسائل حل کرنے کی یقین دھانی بھی کروائی۔