ہمیں چاہیے کہ اپنے آپ کو علامہ اقبال کے فلسفے پر بحث و مباحثے کے لئے وقف کریں،آصف علی زرداری

ہفتہ 21 اپریل 2018 17:21

ہمیں چاہیے کہ اپنے آپ کو علامہ اقبال کے فلسفے پر بحث و مباحثے کے لئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) سابق صدر آصف علی زرداری نی کہا ہے کہ علامہ اقبال پاکستان کے ان دانشوروں میں شامل ہیں جن کا مذہبی سوچ کو نئی اقدار کے مطابق قائم کرنے کا متاثر کن پیغام اس بات کا متقاضی ہے کہ اس پر توجہ دی جائے تاکہ اسلام کا پرامن، ترقی پسند اور برابری پر مبنی تاثر ابھارا جا سکے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو علامہ اقبال کے 80ویں یوم وفات پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مذہبی سوچ کو نئے تقاضوں کے مطابق ترتیب دینے کے لئے پہلا قدم یہ ہے کہ ہم ہر صورت میں مذہب کے استحصال اور مذہب کو اپنا سیاسی ایجنڈا مسلط کرنے کی کوششوں کی مزاحمت کریں۔

علامہ اقبال کا اس بات پر یقین تھا کہ مذہب ایک ایسی متحرک قوت ہے جس کی لگاتار تسلسل کے ساتھ تشریح ہوتی رہنی چاہیے۔ سابق صدر نے عوام سے کہا کہ مذہبی سوچ کی تشریح کے لئے وہ اپنی رائے کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج علامہ اقبال کی یاد مناتے ہوئے ہمیں چاہیے کہ اپنے آپ کو علامہ اقبال کے فلسفے پر بحث و مباحثے کے لئے وقف کریں تاکہ مذہب کا درست پیغام سمجھنے میں مدد مل سکے۔ آج ہم سخت گیر اور دقیانوسی تشریح کی اندھی تقلید کرنے سے انکار کر دیں۔