بجلی کی بندش سے عوامی زندگی شدید متاثر ہے ،پینے کے پانی کی سپلائی کا نظام دربرہم عوام مشکلات کا شکار ہیں ،سید نیئر رضا

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا کا ضلع کورنگی میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش پر احتجاج ،انٹر کے امتحان کے دوران طلباء و طالبات کو مشکلات سے بچانے اور امتحانی تیاریوں کے پیش نظر کے الیکٹرک بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنا ئے ،بجلی کی بندش اور طویل لوڈ شیڈنگ سے عوامی زندگی شدید متاثر ہے جہاں شدید گرم موسم میں عوام بجلی کی بندش سے پریشان ہیں وہیں پینے کے پانی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر اور عوام مشکلات کا شکار ہیں ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے یونین کمیٹیز کے نمائندوں اور بلدیاتی افسران کے ہمراہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر جاری ترقیاتی کاموں اور بلدیاتی مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیئر مین سیدنیئر رضا نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور اُن سے علاقائی سطح پر درپیش مسائل اور جاری ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر عوام نے چیئر مین بلدیہ کورنگی کو بجلی پانی اور سیوریج مسائل کے حوالے سے شکایات کے انبار لگادیئے چیئر مین سیدنیئر رضا نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کے بحران نے عوامی زندگی کو تمام شعبوں میں متاثر کررکھا ہے بجلی کی بندش کی وجہ سے عوام جہاں شدید گرم موسم میں بے حال ہیں وہیں پینے کے پانی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہورہا ہے انہوںنے کہاکہ کے الیکٹرک عوام پر رحم کرے اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے عوام کو نجات دلا ئے بعد ازاں چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ ضلع کورنگی کے حدود میں انٹر کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز کے اطراف بلدیاتی انتظامات کو فوری درست کیا جائے اور امتحانی مراکز کے اطراف صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کا قیا م یقینی بنا یا جائے ۔