Live Updates

تعلیمی اداروں میں یکساں نصاب تعلیم نظام رائج کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

مارکیٹوں میں رنگ گورا کرنیوالی کریموں سمیت شیمپو کی غیر قانونی فروخت کیخلاف تحریک التوائے کار بھی جمع کروا دی گئی

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) تعلیمی اداروں میں یکساں نصاب تعلیم نظام رائج کرنے کے مطالبے کی قرارداد اور مارکیٹوں میں رنگ گورا کرنے والی کریموں سمیت شیمپو کی غیر قانونی فروخت کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروا دی گئی ۔ تحریک انصاف کی ڈاکٹر نوشین حامد کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں تعلیم کا نصاب یکساں نہیں۔

جس سے غریب اور متوسط طبقے کے طلباء اور والدین متاثر ہورہے ہیں۔متعدد اصلاحات کے باوجود سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر نہیں ہوا۔جس کا فائدہ نجی اور غیر ملکی ادارے بھاری فیسیں وصول کرکے اٹھا رہے ہیں۔یہ ادارے والدین سے من مانی فیسیں وصول کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جو کہ غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں پر ایک بوجھ سے کم نہیں۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ پہلی سے انٹرمیڈیٹ تک تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں یک نصابی تعلیمی نظام رائج کرے۔

جبکہ تحریک انصاف کی نبیلہ حاکم کی طرف سے جمع کروائی گئی تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹ میں فروخت ہونے والی 15 ہزار کریمیں اور شیمپو غیرقانونی قراردیے گئے ہیں۔ان کریموں کے استعمال سے خواتین جلد کی بیماریوں کا شکار ہو چکی ہیں۔ڈرگ ریگولیٹر اتھارٹی 99 فیصد میک اپ کا سامان رجسٹرڈ نہ کرسکی۔ہر کمپنی رنگ گورا اور چہرہ نکھارنے کا دعویٰ کرتی نظر آتی ہے۔

لیکن کمپنیوں کے دعوؤں کے برعکس نتائج نکلتے ہیں۔کمپنیاں ان میں مرکری، پارہ اور سیٹرائزڈ استعمال کرتی ہیں۔جو کہ انسانی صحت اور جلد کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔مگر ڈرگ ریگولیٹر اتھارٹی اس حوالے سے مکمل خاموش دیکھائی دیتی ہے۔ڈرگ ریگولیٹر اتھارٹی قانون کے نفاذ کے باوجود کاسمیٹکس پراڈیکٹس ریگولیٹ کرنے میں ناکام۔محکمے کی کم عملی کے باعث ہزاروں خواتین جعلی اشیاء سے متاثر ہورہی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات