عدالت نے رائو انوار اور ملزم شکیل کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈی ایس پی قمر سمیت دیگر ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 2مئی تک ملتوی کردی

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) انسداد دہشتگردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت، عدالت میں سابق ایس ایس پی رائو انوار، ڈی ایس پی قمر سمیت 10 ملزمان کو پیش کیا گیا، عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر رائو انوار اور ملزم شکیل کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا، جبکہ ڈی ایس پی قمر سمیت دیگر ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت دو مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔

ہفتے کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت میں سابق ایس ایس پی رائو انوار، ڈی ایس پی قمر سمیت دیگر ملزمان کو پیش کیا گیا، عدالت میں مقدمے کے تفتیشی افسر ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کا کہنا تھا کہ کیس کا فائنل چالان جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے تک کیلئے مہلت دی جائے۔

(جاری ہے)

رائو انوار کیخلاف جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی ہے، جے آئی ٹی کی سفارش کے بعد ہی مکمل چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

جبکہ تفتیشی افسر کا عدالت میں یہ بھی کہنا تھا کہ رائو انوار کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار اور ملزم شکیل کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کردیئے، جبکہ ڈی ایس پی قمر سمیت دیگر ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت دو مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد سابق ایس ایس پی رائو انوار کو بکتر بند گاڑی میں بٹھایا گیا بکتر بند گاڑی خراب ہونے کے باعث رائو انوار کو دوسری گاڑی میں بٹھایا گیا، واضح رہے کہ رائو انوار پر نقیب اللہ سمیت چار افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے۔