وزیراعلی پنجاب شہباز شریف (آج) کراچی پہنچیں گے

مسلم لیگ (ن)کے صدر شاہی سید اور ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کرینگے

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف آج (اتوار) کو کراچی پہنچیں گے ۔ن لیگ کے رہنما کھیل داس کوہستانی کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف مردان ہائوس میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید سے ملاقات کریں گے ۔شہبازشریف ایم کیوایم پاکستان بہادر آباد گروپ کے مرکز واقع بہادر آباد کادورہ کریں گے اور متحدہ رہنمائوں سے ملاقات کریں گے ۔

شہباز شریف ان دونوں جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال اور انتخابات میں ممکنہ اتحاد سمیت دیگر امور پر بات چیت کریں گے ۔شہباز شریف کراچی کے علاقوں ٹینری روڈ بہار کالونی لیاری۔کے ایم سی گراونڈ گلشن غازی بلدیہ اور الفتح گراونڈ عابد آباد بلدیہ ٹائون کے دورے میں ن لیگ کے تحت عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلی پنجاب گرین بس پروجیکٹ بورڈ آفس انٹر ایکسچینج کا دورہ بھی کریں گے ۔

وہاں ن لیگ کے کارکنان سے ملاقات اور خطاب بھی کریں گے ۔وزیراعلی پنجاب شہباز شریف گورنر ہائوس میں عشائیہ میں شرکت کریں گے۔کھیل داس کوہستانی کے مطابق ن لیگ کے مرکزی صدر شہباز شریف کا دورہ کراچی سیاسی لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے ۔شہباز شریف جلد اندرون سندھ کا دورہ بھی کریں گے اور اہمسیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف کے دوروں کا مقصد ن لیگ کی آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز ہے۔