عام انتخابات میںمیں بالٹی اور مٹکے کے نشانات پر جیتنے والے امیدوار حکومت سازی میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے،شیخ رشید

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:21

عام انتخابات میںمیں بالٹی اور مٹکے کے نشانات پر جیتنے والے امیدوار ..
رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میںمیں بالٹی اور مٹکے کے نشانات پر جیتنے والے امیدوار حکومت سازی میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے جبکہ چوہدری نثار علی خان کا ان انتخابات میںآزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لینے کے روشن امکانات ہیں تاہم پی ٹی آئی انکی حمایت کر سکتی ہے۔

ہفتہ کے روز اپنے دورہ رحیم یارخان کے بعداسلام آباد روانگی سے قبل ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں آئندہ چند روز کے دوران مزید کئی نامی گرامی سیاستدان شمولیت اختیار کریں گے۔انہوں نے کہا نواز شریف نیب میں جاری اپنے مقدمات کو خواہ مخواہ طوالت دے رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ خواجہ حارث انکے لئے کہیں ’’یحییٰ بختیار‘‘ ہی ثابت نہ ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ لیبیا کے سابق صدر کرنل قذافی نے انہیں کافی سال قبل ایک ملاقات میں بتایا تھا کہ بلوچستان میں غیر ملکی قوتوں کی غیر معمولی مداخلت کے باعث2025ء کے لگ بھگ بلوچستان کی جغرافیائی حیثیت تبدیل ہو سکتی ہے تاہم انہیں یقین ہے کہ پاکستانی افواج اور ایجنسیز کی بہترین حکمت عملی کے باعث انشا اللہ ایسا کبھی بھی نہیں ہو گاتاہم انہوں نے ان خدشات کا اظہار کیا کہ گوادر اس وقت دنیا بھر میں ایک انتہائی اہمیت کے حامل خطے کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جو مستقبل میں عالمی قوتوں کے درمیان کھینچا تانی کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے باعث بھارت اور امریکہ پاکستان دشمنی میں ایک پیج پر اکھٹے ہو چکے ہیں اور امریکہ کے دباوء پر جاپان بھارت میں دہلی سے ممبئی تک 6رویہ جدید موٹر وے تعمیر کر رہا ہے جبکہ ایران کی جانب سے بھارت کو چاہ بہار تک رسائی بھی سی پیک کی وجہ سے دی جا رہی ہے۔انہون نے بتایا کہ پاکستان نے گوادر میں چین کو 43ہزار ایکڑ زمین 44سالہ لیز پر دی ہے جو پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور پاکستان کے عظیم دوست چین نے بھی اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سی پیک میں جاری سرمایہ کاری میں پہلے کے مقابلے میں سست روی دیکھی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ترکی نے اپنے اندرونی حالات کے باعث پاکستان سے تین f-16ٹرینر پائلٹ ترکی بھیجنے کی درخواست کی تھی لیکن پاکستان نے امریکی دبائو پر یہ ٹرینر ترکی بھیجنے سے انکار کر دیا ہے جس سے پاک ترک تعلقات میں سرد مہری دیکھی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر بحران جبکہ سیاسی طور پر کنفیوژن کا شکار ہے اگر ڈالر کی اڑان اسی طرح جاری رہی تو پاکستان تاریخی معاشی بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان پر کبھی بھی حملے کی جرات نہیں کرے گا لیکن پاکستان کو بھارت کی جانب سے پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان کے اندرجاری تخریبی کارروائیوں پر خاص نظر رکھنی ہو گی کیونکی بھارت بلوچستان میں ایک خطرناک کھیل کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے جس کا کلبھوشن سب سے بڑا ثبوت ہے۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ عوامی مسلم لیگ آئندہ عام انتخابات میںپی ٹی آئی کے ساتھ مل کر انتخابات میں حصہ لے گی اور وہ خود راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی دو نشستوں سے انتخاب لڑیں گے۔