ٹوکن ٹیکس نادہندگان سے 84,28,500روپے کی ریکوری

ہفتہ 21 اپریل 2018 14:36

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی نے مارچ میں ٹوکن ٹیکس نادہندگان سے 84,28,500روپے کی ریکوری کر لی ۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی سے سرکاری خبر رساں ادارے کو دستیاب اعدادو شمار کے مطابق ایکسائز راولپنڈی نے یکم مارچ سے 31مارچ تک ٹوکن ٹیکس کی نادہندگی پر 3213گاڑیوں کا چالان کر کے مجموعی طور پر 84,28,500روپے کی ریکوری قومی خزانے میں جمع کروائی ۔

ایکسائز ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ گذشتہ ماہ ایکسائز ٹیموں نے خصوصی مہم کے دوران ضلع بھر میں غیر رجسٹرڈ اور ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹر گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی جنھوں نے نادہندہ گاڑیوں کے چالان کیے ۔ذرائع نے قومی نیوز ایجنسی کو بتایاکہ ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹر اور غیر رجسٹڈ گاڑیوں کی جانچ پڑتال کے لیے ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی تنویر عبا س گوندل کی ہدایات پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (ای ٹی او ) سہیل شہزاد کی سربراہی میں 12ٹیمیں تشکیل دی تھیں ۔

(جاری ہے)

ایکسائز انسپکٹرز پر مشتمل ٹیموں نے اچانک چھاپوں اور جنر ل ہولڈ اپ کے دوران 6000سے زائد گاڑیوں کو چیک کیا اور مختلف خلاف ورزیوں پر متعدد گاڑیاں بند کر دیں ۔واضح رہے کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن نے پراپرٹی ،موٹر ،پروفیشنل ٹیکس ،ایکسائز فیس اور دیگر مدات میں چاروں اضلاع سے مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران ہی 3.1 بلین روپے کا ریونیو حاصل کر کے مجموعی ہدف کا 77فی صد پہلے نو ماہ میں حاصل کر کے ریکارڈ بھی قائم کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :