اوور لوڈنگ،اوور چارجنگ اور روٹ کی خلاف ورزی پرٹرانسپورٹرز کو 10لاکھ روپے سے زائد جرمانہ

ہفتہ 21 اپریل 2018 14:36

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے زائد کرایوں کی وصولی ،اوور لوڈنگ اور روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی پرایک ماہ میں 10لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کر دیا ۔سیکرٹری آر ٹی اے خالد یامین ستی نے اے پی پی کو بتایاکہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے مارچ میں ضلع راولپنڈی میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی جانب سے مختلف قوانین کی خلاف ورزیوں اوور لوڈنگ ،اوور چارجنگ اور روٹ کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 1109چالان کر کے 100,3,500روپے جرمانہ وصول کیا ۔

خالد یامین ستی نے سرکاری خبررساں ادارے کو بتایاکہ زائد کرایوں کی وصولی و دیگر خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے آرٹی اے کی ٹیمیں چھاپے مار کر کارروائیاں کرتی ہیں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے زائد کرایوں کی وصولی اور اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دیئے ہوئے ہیں جو مختلف کارروائیاں کرتے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ مارچ میں زائد کرایوں اور دیگر خلاف ورزیوں پر کی جانے والی کارروائیوں کے دوران خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیورز کو وارننگ بھی جاری کی گئی اور انہیں خبردار کیا گیا کہ وہ آئندہ ان خلاف ورزیوں کے مرتکب نہ ہوں ۔ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے دستیاب اعدادو شمار کے مطابق مارچ میں 100,3,500روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ خالد یامین ستی نے قومی خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف مہم باقاعدگی سے جاری ہے اور اوور لوڈنگ ،اوور چارجنگ سمیت روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :