Live Updates

بھارتی سکھ یاتریوں کی واپسی،

اسلام قبول کرنے والی خاتون پاکستان میں ہی ٹھہر گئی

ہفتہ 21 اپریل 2018 13:29

بھارتی سکھ یاتریوں کی واپسی،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) بیساکھی میلہ اورخالصہ جنم منانے پاکستان آئے بھارتی سکھ یاتری واپس لوٹ گئے تاہم اسلام قبول کرکے پاکستانی نوجوان سے شادی کرنیوالی بھارتی خاتون کو واپس نہیں بھیجا گیا ۔تفصیلات کے مطابق 1700کے قریب بھارتی سکھ یاتریوں کولاہورریلوے اسٹیشن سے اسپیشل ٹرین کے ذریعے بھارت روانہ کیا گیا، سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر، ڈپٹی ڈائریکٹرشرائن عمران خان ، سردارتارا سنگھ اوربشن سنگھ سمیت دیگررہنماں نے بھارتی مہمانوں کوالوداع کیا، بھارتی سکھ یاتریوں کو خاص سروپے اورتحائف دے کررخصت کیا گیا۔

سکھ یاتریوں کے جتھہ لیڈر سردار گورمیت سنگھ نے ایک بار پھر پاکستان حکومت، ای ٹی پی بی اور عوام کا شکریہ اداکیا، ان کا کہنا تھا پاکستان ان کا دوسرا گھرہے، وہ جب بھی یہاں آتے ہیں ڈھیروں پیار اورخوشیاں لیکرواپس جاتے ہیں، بھارتی خاتون کے اسلام قبول کرنے اورپاکستانی نوجوان سے شادی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا یہ اس خاتون کرن بالا کا ذاتی معاملہ ہے، اب حکومت پاکستان نے اس کے حوالے سے فیصلہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کا کہنا ہے کرن بالا (آمنہ ) نے کیونکہ پاکستانی شہریت اور ویزا میں توسیع کے لئے وزارت داخلہ کو درخواست دے رکھی ہے جب تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوتا اس خاتون کو یہاں رہنے کی اجازت دی جائے گی، انہوں نے توقع ظاہرکی کہ بھارت بھی پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کریگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات