اداکارہ شیزہ بٹ پر فیصل آباد میں قاتلانہ حملے کے ملزمان تاحال گرفتار نہ ہوسکے

پولیس کی پراسرار خاموشی /پاکستان میں فن اور فنکاروں کی جان و مال کی کوئی قدر نہیں‘ شیزہ بٹ

ہفتہ 21 اپریل 2018 12:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) تھیٹر کی نامور اداکارہ شیزہ بٹ پر فیصل آباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کے ملزمان تاحال گرفتار نہ ہوسکے ،پولیس تھانہ جھنگ بازار نے پراسرار خاموشی اختیار کر لی جبکہ اداکارہ نے کہا کہ پاکستان میں فن اور فنکاروں کی جان و مال کی کوئی قدر نہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 4اپریل 2018ء کو فیصل آباد میں ڈرامہ کے بعد واپس آتے ہوئے موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے اداکارہ شیزہ بٹ پر فائرنگ کر دی تھی ، اداکارہ کی گاڑی پر چار گولیاں لگیں تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہیں ۔

اداکارہ شیزہ بٹ نے نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ جھنگ بازار میں مقدمہ درج کروایا تھا مگر بیس روز گزرنے کے باوجود پولیس تاحال کسی ملزم کا سراغ نہ لگا سکی ۔ اس حوالے سے اداکارہ شیزہ بٹ نے کہا کہ پاکستان میں فن اور فنکاروں کی جان و مال کی کوئی قدر نہیں ، آئی جی پنجاب سے اپیل ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور تمام فنکاروں کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔