Live Updates

الیکشن سے پہلے بہادرآباد اور پی آئی بی کا مسئلہ نمٹ جائیگا ، ایم کیوایم اپنے آئین کے تحت معاملات چلانا چاہتی ہے، فیصل سبزواری

عمران خان نے ووٹ فروخت کرنے والوں کو تو پارٹی سے نکالا ووٹ خریدنے والوں کو تو پارٹی سے نکالیں،میڈیا سے بات چیت

جمعہ 20 اپریل 2018 23:59

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) متحدہ قومی موومنٹ بہادر آباد کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے بہادرآباد اور پی آئی بی کا مسئلہ نمٹ جائیگا ۔ ایم کیوایم اپنے آئین کے تحت معاملات چلانا چاہتی ہے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ سابق رُکن قومی اسمبلی صلاح الدین اور دیگر رہنما بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ شہری سندھ پیپلزپارٹی کی بدعنوانی، نااہلی اور تعصب کی جیتی جاگتی مثال ہے۔ پیپلزپارٹی بھٹو کے مزار کی خیرات میں حکومت بناتی ہے لیکن لاڑکانہ میں 90 ارب روپے کی بدعنوانی کرلی۔ ضلع تو دور کی بات ہے پورے سندھ میں پیپلزپارٹی ایک ماڈل یوسی بھی نہیں بتاسکتی۔ انہوں نے کہ ہمیں ریاست سے بھی شکوہ ہے ، آرمی چیف افغانستان میں بیٹھ کر دہشت گردی کرنے والوں کیلئے تو اعلان کرتے ہیں کہ وہ اسلحہ پھینک دیں ہم انہیں معاف کردیں گے، بلوچستان میں اسلحہ پھینکنے والے فراریوں کو پیسے دیئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں کو معافی نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہاکہ ہم چیف جسٹس برائیلر مرغی کے انڈوں پر تو سوموٹو لیتے ہیں لیکن شہری سندھ کی آبادی کم کرنا بھی تو مسئلہ ہے اس پر ہماری پٹیشن لگی ہوئی ہے اس پر بھی کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ووٹ فروخت کرنے والوں کو تو پارٹی سے نکالا ہے ووٹ خریدنے والوں کو تو پارٹی سے نکالیں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی کی حکومت اسمبلی اور سیکریٹریٹ کے بجائے عدالتوں سے زیادہ چلائی جارہی ہے۔ پانی کا مسئلہ ہو یا اور دیگر مسائل سب عدالتوں میں چل رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے وزراء کے پی اے اور سیکریٹریوں کے گھروں سے کروڑوں روپے نکل رہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے عوام ٹیکسوں کی مد میں اربوں روپے وفاقی حکومت کو دیتے ہیں جس کے جواب میں برائے نام حیدرآباد پر خرچ کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی نمائندہ جماعت ایم کیوایم جس مشکل سے گزر رہی ہے اس کا سب کو اندازہ ہے اس کے باوجود ہم نے شہریوں کے ووٹوں کی پاسداری کی اور کل بھی حیدرآباد کے عوام ایم کیوایم کے ساتھ تھے اور آج بھی ایم کیوایم کے ساتھ ہیں۔ لوگ الیکشن مہم کا آغاز کررہے ہیں ہم صرف آگاہی مہم چلارہے ہیں۔ یہ شہر ہمارا تھا اور رہے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات