وفاقی جامعہ اُردو میں جاری ہفتہ طلباء کی تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں

جمعہ 20 اپریل 2018 23:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) وفاقی جامعہ اُردو میں جاری ہفتہ طلباء کی تقریبات گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگئیں ۔ پانچ روزجاری رہنے والی ان تقریبات کا افتتاح شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سید الطاف حسین نے کیا ۔ ان تقریبات میں طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا ۔ جامعہ کے احاطے میں مختلف سٹالز لگائے گئے جن میں یونیورسٹی سے باہرکے اداروں کو بھی موقع دیاگیا۔

ان سٹالز کا دل چسپ پہلو شعبہ قانون کی جاب سے عدالتی کارروائی کا عملی مظاہر ہ تھا ۔ جامعہ ہذا کے بابائے اُردو سماعت گاہ میں حسن قراء ت و نعت خوانی ، مشاعرہ ،بیت بازی، اُردو اور انگریزی تقریری مقابلے ، ڈرامہ اور کلچرل شو کے مقابلے منعقد ہوئے جب کہ اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں بھی مختلف شعبہ جات کے طلباء کے درمیان باسکٹ بال ، کرکٹ،فٹ بال، بیڈمنٹن اور رسہ کشی کے مقابلے ہوئے جن کی انچارج محترمہ روزینہ شاہین تھیں ۔

(جاری ہے)

جامعہ ہذا کے تدریسی و غیر تدریسی ملازمین کے مابین دوستانہ کرکٹ میچ بھی ہوا اور اسکے علاوہ صحت سیمینار اور واک کا اہتمام بھی کیا گیا ۔ ہفتہ تقریبات کے آخری روز شیخ الجامعہ نے اپنے خطاب میں طلباء وطلبات کی ہم نصابی سر گرمیوں میں بھرپور شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور ہر سمسٹر میں ہفتہ طلباء کی روایت برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

ہفتہ طلبہ میںسپورٹس اوردیگر تمام پروگرامز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں جناب شیخ الجامعہ اور انچارج کیمپس نے شیلڈز/ اسناد تقسیم کیں۔ جناب شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سید الطاف حسین نے انچارج کیمپس جناب ڈاکٹر اورنگزیب اور ڈئریکٹر طلبہ امور محترمہ عطیہ انور زون کو شیلڈ پیش کی۔ڈائریکٹر طلبہ امور، محترمہ عطیہ انورزون نے شیخ الجامعہ کا شکریہ ادا کیا بعدازاں انچارج کیمپس پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب صاحب نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سید الطاف حسین کو شیلڈ پیش کی۔