پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادی میر لاکوموف کا ہائر ایجوکیشن کمیشن کا دورہ

جمعہ 20 اپریل 2018 23:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان میں یوکرائن کے سفیر وولودی میر لاکوموف نے جمعہ کو یہاں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا دورہ کیا اور ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اعلی تعلیم کے شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر ارشد علی نے سفیرسے بات چیت کے دوران پاکستان اور یوکرائن کے مابین اجتماعی کوششوں اور تحقیق پر مبنی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی باہمی تدریسی تجربات کے تبادلہ کے لئے دیگر ممالک سے تعاون کے فروغ کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ایچ ای سی کی کارکردگی اور کام کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی ملک میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ملک کو علم کی بنیاد پر معیشت میں ڈھالنے کے لئے ایچ ای سی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

یوکرائن کے سفیر نے پاکستا ن میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تعلیم کے شعبہ میں تعاون کے ذریعے بین الاقوامی تعلقات کے فروغ کیلئے ایچ ای سی کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں مختلف تعلیمی شعبوں میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی کی مہارتوں کو بھی سراہا۔ملاقات کے دوران یوکرائن سے دو رکنی وفد کے آمدہ دورہ پاکستان اور یوکراین کی کائیونیشنل لینگویسٹک یونیورسٹی اور نیشنل یونیسرسٹی آف ماڈرن لینگویج(نمل)اسلام آباد کے مابین زبانوں،ثقافت اورساائنسی تعاون کے لئے متوقع مفاہمتی یادداشت(ایم او یو)کی تفصیلات کے امور بھی زیر غور آئے۔

ایم او یو کے تحت دونوں اطراف عمومی شعبوں اورزبان ،ثقافت اور سائنسی علوم کے علاوہ تدریسی وفود کے تبادلوں اور تجربات سے استفادہ کے لئے مواصلاتی چینلز کے قیام کے حوالے سے بھی دو طرفہ تعاون کو بڑھائیں گے۔