متحدہ عرب امارات میں جانے والی پاکستانی افرادی قوت کیلئے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کا عمل ختم نہیںملتوی ہواہے، کاشف احمد نور

آسان تر بنانے اور آن لائن کرنے کیلئے پالیسی سازی کا عمل جاری ہے ،تمام آئی جیز کولیٹر جاری کردئیے گئے ہیں،ڈائریکٹر جنرل بیوروآف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ

جمعہ 20 اپریل 2018 23:15

متحدہ عرب امارات میں جانے والی پاکستانی افرادی قوت کیلئے پولیس کریکٹر ..
حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) ڈائریکٹر جنرل بیوروآف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کاشف احمد نور نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں جانے والی پاکستانی افرادی قوت کیلئے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کا عمل ختم نہیں، ملتوی ہوا ہے جسے آسان تر بنانے اور آن لائن کرنے کیلئے پالیسی سازی کا عمل جاری ہے اور اس ضمن میں تمام آئی جیز کولیٹر جاری کردئیے گئے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے معروف اوورسیز پروموٹرز، چیف ایگزیکٹو بی ایم آر عرب ٹیک انٹرنیشنل رانا محمد ارشد انجم سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وائس چیئرمین ’’پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرزایسوسی ایشن‘‘ محمد جمیل الدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

کاشف احمد نور نے بتایا کہ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے ضمن میں کچھ مشکلات پیش آرہی تھیں جس وجہ سے اسے کچھ عرصہ کیلئے ملتوی کیا گیا ہے تاکہ ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے متحدہ عرب امارات میں جانے والی پاکستانی افرادی قوت کسی رکاوٹ اور پریشانی کے بغیر تمام مراحل آسانی کے ساتھ طے کرسکے اور اسے آن لائن کرکے متعلقہ سفارتخانوں اور اوورسیز پروموٹرز کو بھی آگاہ رکھا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ 2022ء میں دوحہ قطر میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ فٹ بال کے موقع پر وہاں پاکستانی افرادی قوت کی زیادہ سے زیادہ فراہمی کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں جن کا نتیجہ حوصلہ افزا نکلے گا۔ اس موقع پر رانا محمد ارشد انجم نے انہیں تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ زر مبادلہ میں اضافے اور پاکستانی معیشت کو مضبوط ومستحکم بنانے کیلئے دوحہ قطرمیں افرادی قوت کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ سمینارز کا انعقاد اور کوٹہ بڑھانے کیلئے معاہدہ جات کئے جائیں اور کسی بھی ملک کی طرف سے ملنے والی افرادی قوت کی ڈیمانڈ وہاں موجود پاکستانی سفارتخانے سے تصدیق ہونے کے بعد کا تمام عمل آن لائن کیا جائے تاکہ پروموٹرز کو بھی آگاہی حاصل رہے۔

مزید یہ کہ اچھی شہرت کے حامل ٹاپ ٹین اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو ان کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا جائے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور کارکردگی میں مزید بہتری آسکے۔ جس پر ڈائریکٹر جنرل بیوروآف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے ان تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دھانی کروائی کہ انہیں زیر غور لایا جائیگا۔