متحدہ بنوں محاذ کے زیر اہتمام اقوام بنوں کا مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

پریٹی چوک کو 4گھنٹے تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھا ،کاروباری مراکز بند ، پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت جمع کرنے کا فیصلہ

جمعہ 20 اپریل 2018 22:47

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) متحدہ بنوں محاذ کے زیر اہتمام اقوام بنوں نے پریٹی چوک میں مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے شہر کی مین شا ہراہ پریٹی چوک کو 4گھنٹے تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا کاروباری مراکز بھی بند رہے سوموار کو ہائیکورٹ پشاور میں توہین عدالت جمع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا گزشتہ روز متحدہ بنوں محاذ کے رہنمائوں نے اپنے مطالبات جس میں دوسرا قومی حلقہ ، پراپرٹی ٹیکس میں خود ساختہ اضافے میں کمی ، غیر اعلانیہ شیڈنگ کا خاتمہ اور تھلیسمیا سنٹر کی اپنی جگہ بحالی شامل ہیں کے حق میں بیرون پریٹی گیٹ شاہراہ کو احتجاجا ً بند کیا جس میں اقوام بنوں کے قبیلوں عیسکی ،میرا خیل ،میریان ،وزیر و خٹک اتحاد ،علماء کرام ،مشران ،بنوں یونیورسٹی کے طلبہ اور دیگر نے قافلوں کی شکل میں پہنچ کر شرکت کی مظاہرے سے متحدہ بنوں محاذ کے ترجمان عرفان پیرزادہ ایڈوکیٹ ،ملک شکیل خان ،ملک فرمان اللہ خان میرا خیل ،شب نیاز خان ،ملک خالد خان ،ملک اسفند یار خان ،مفتی اسلام نور ،رحمت اللہ ،حمید خان ،عبدالروف قریشی ، قیموس خان ،امیر اللہ خان محسن اور دیگر نے کہا کہ ہم 3ہفتوں سے بنوں پریس کلب کے سامنے پر امن طور پر احتجاجی کیمپ لگا کر مطالبات کے حق میں بیٹھے ہیں اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اب ڈپٹی کمشنر بنوں مظاہرین کو مطمئن کرنے کی بجائے مختلف جگہوں میں کھلی کچہریاں منعقد کر کے لوگوں میں جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے محاذ آرائی پر اُکسا رہے ہیں کہ پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ کیا ہے نہ ہی مستقل طور پر شہر سے تھیلسمیا سنٹر خلیفہ گلنواز منتقل کیا ہے اور کبھی لوگوں کو کہتے ہیں کہ ان لوگوں نے ہم پر عدالت سے حکم امتناعی لی ہے اس لئے ہم کام نہیں کر سکتے مگر عدالت میں حکم امتناعی ان کے قانونی کاموں پر نہیں بلکہ غیر قانونی کاموں پر لی گئی ہے تھیلیسمیاسنٹر کی عمارت مسمار کرنے اور مشینری خلیفہ گلنواز ہسپتال منتقل کرنے کے خلاف ہائیکورٹ پشاور نے حکم امتناعی دی مگر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ دوست محمد خان نے عدالتی احکامات کے باوجود عمارت مسمار اور مشینری منتقل کرکے توہین عدالت کی اگر انتظامیہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر ثابت کرے کہ ہم نے اُنہیں درست اور قانونی کام کرنے سے روکا ہے تو ہم اُن کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہونگے ہم ترقیاتی کاموں کے خلاف نہیں نہ ہی عوام کیلئے ہونے والے اقدامات میں رکائوٹ بن رہے ہیں بلکہ غلط کاموں کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر رہیں گے انہوں نے کہا کہ موسم گرما شروع ہو گیا ہے واپڈا پیسکو کی جانب سے شیڈول سے ہٹ کر لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے پشاور ہائیکورٹ نے اس سلسلے میں واضح احکامات جاری کی ہے کہ شیڈول سے ہٹ کر لوڈشیڈنگ نہ کی جائے مگر پھر بھی واپڈا انتظامیہ غیر قانونی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھی ہوئی ہے جو کہ توہین عدالت ہے انہوں نے کہا کہ آبادی کے تناسب سے دوسرا قومی حلقہ ہمارا حق ہے جس کے حصول کیلئے عدالت سمیت ہر فورم پر جدوجہد لڑیں گے اس موقع پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ احتجاجی کیمپ کو جاری رکھا جائے گا جبکہ سوموار کے روز انتظامیہ کے خلاف جرگہ کی طرف سے توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی تاہم مسلسل 4گھنٹے بعد سڑک کو ہر قسم ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔