چین کی سن سیٹ انڈسٹریز کو پاکستان منتقل کرنے کی موثر حکمت عملی بنائی جائے، میاں زاہد حسین

جمعہ 20 اپریل 2018 22:07

چین کی سن سیٹ انڈسٹریز کو پاکستان منتقل کرنے کی موثر حکمت عملی بنائی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم کے صدر میاں زاہد حسین نے کہاہے کہ چین کی قدرے پرانی صنعتیں(سن سیٹ انڈسٹریز) پاکستان منتقل کرنے سے پاکستان کی سالانہ جی ڈی پی میں 10فیصد کی شرح سے اضافہ کی توقع کی جا رہی ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ چینی صنعتوں کو پاکستان منتقل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کئے جائیں۔

میاںزاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ چین کے ماہر اکانومسٹ پروفیسر جسٹن یییفولن نے اس سلسلے میں پچھلے دنو ں ایک لیکچر دیا جس میں تفصیلاً اس امر کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کا ذکر کیا۔ میاں زاہد حسین نے وفاقی وزیر داخلہ وپلاننگ اور ماہرین معاشیات کے خیال سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ چین کے سن سیٹ مینوفیکچرنگ یونٹس پاکستان منتقل ہونے سے پاکستان کی جی ڈی پی ترقی کرے گی اور پاکستان میں روزگار کے مواقعوں میں زبردست اضافہ ہوگا، جس کی اس وقت پاکستان کو اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ملک کی بڑھتی ہوئی نو جوان آبادی کو روزگار کے مواقع میسر ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں میڈ ان پاکستان کا سلوگن فروغ پائے گا۔ میاں زاہد حسین نے کہاکہ پاکستان میں سی پیک کے تحت ہونے والی انفراسٹرکچرل انوسٹمنٹ اس وقت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، جس کے ذریعے ریلوے ، روڈز نیٹ ورک اور انڈسٹریل پارکس کے ساتھ ساتھ اسپیشل اکنامک زونز کی تعمیر کی جا رہی ہے۔

چین پاکستان میں سب سے بڑے فارن ڈائریکٹ انوسٹر کے طور پر سامنے آچکاہے اور سی پیک کی تکمیل سے 17 ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک اور بیرون ملک سرمایہ کار پاکستان کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ چینی سن سیٹ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی پاکستان منتقلی سے ملک سے غربت کے خاتمے کا آغاز ہو گا اور معیشت صنعتی انقلاب کے ذریعے ترقی کرے گی۔