نواز شریف محض ایک فرد کا نام نہیں بلکہ ایک نظریے اور فلسفے کا نام ہے،مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن

نیا پاکستان بنانے کا خواب دیکھنے والوں نے دن رات جھوٹ بولا ،ان کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے،حاجی شاہجہاں،نور خان اخونزادہ

جمعہ 20 اپریل 2018 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدرحاجی شاہجہان،جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخوندزادہ،لیبرونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان اور شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر مہنازاختر نے کہا ہے کہ نواز شریف محض ایک فرد کا نام نہیں بلکہ ایک نظریے اور فلسفے کا نام ہے جس کی بنیادیں پاکستانی عوام کی خدمت آئین کی سربلندی اور ووٹ کی حرمت پر استوار ہیں، نیا پاکستان بنانے کا خواب دیکھنے والوں نے دن رات جھوٹ بولا اور الزام تراشی کی پاکستان کے عوام آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹوں سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

جمعہ کوجاری بیان میں مسلم لیگی رہنمائوں نے کہاکہ باشعور عوام نے ہمیشہ خدمت کرنے والوں کوآنکھوں پر بیٹھایا ہے، نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں، عوام منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کردیں گے، پنجاب کی ترقی سب کے سامنے ہے، ترقی اورمیگا پراجیکٹس پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پہچان بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

معیار اور شفافیت کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کا انداز ہے۔

ملک کو اندھیروں سے نجات دلانے کا سہرابھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے سر ہے اور بڑے ترقیاتی اور توانائی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ایک مثال قائم کی گئی۔ مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ تمام تر سازشی ہتھکنڈوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔لاہور سے لے کر سوات تک ہونے والے عوامی اجتماعات میں عوام کے جم غفیر کی شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ میاں نواز شریف کا نظریہ ان کے دلوں میں اتر گیا ہے اور اب کوئی بھی سازش عوام کے دلوں سے قائد مسلم لیگ کی محبت کو نہیں نکال سکتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ سیاسی فیصلے عوامی عدالتوں میں کیے جاتے ہیں اور ہر عوامی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو سرخرو کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کا وژن ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں اس نے تاریخی اقدامات کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے تمام رہنما اور کارکنان ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے اس سفر میں میاں نواز شریف کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دھرنا دینے یا گالیاں دینے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لئے کوشاں ہیں،گالیاں دینے والوں کا انجام شروع ہوچکا بہت جلد مخالفین سیاسی میدان سے بھاگنے والے ہیں،ان کی سیاست بند گلی میں داخل ہو چکی،بہت جلد پاکستان دنیا میں اپنا مقام پیدا کر لے گا۔