دورہ انگلینڈ سے قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ اور نئے ون ڈے کپتان کا اعلان کر دیا

جائے گا

جمعہ 20 اپریل 2018 21:07

دورہ انگلینڈ سے قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ اور نئے ون ڈے کپتان ..
میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ رواں برس شیڈول دورہ انگلینڈ سے قبل ٹیم کے ہیڈکوچ اور نئے ون ڈے ٹیم کے قائد کا اعلان کر دیا جائے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے ڈیرن لی مین کے مستعفی ہونے کے بعد نئے کوچ کی تلاش شروع کر دی ہے، لی مین دورہ جنوبی افریقہ کے دوران اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

طے شدہ شیڈول کے تحت آسٹریلوی ٹیم نے جون میں انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے جہاں پر اس نے میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ایک روزہ اور واحد ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے اور یہ کینگروز کی کوچ لی مین، سٹیون سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کے بغیر پہلی سیریز ہو گی، سمتھ اور وارنر کو بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے باعث ایک برس معطلی کا سامنا ہے۔

جمعہ کو کرکٹ آسٹریلیا بورڈ اجلاس ہوا جس میں نئے کوچ اور ون ڈے ٹیم کے قائد کے حوالے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ پیور نے مینجمنٹ سے کوچ کیلئے موزوں امیدوار، ون ڈے ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کے سلسلے میں سفارشات طلب کی ہیں، نئے کوچ کی تقرری کے حوالے سے جلد بازی نہیں کریں گے لیکن ہم دورہ انگلینڈ سے قبل کوچ سمیت ون ڈے ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کی تقرری کیلئے پر عزم ہیں۔