احتساب عدالت نے شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں آئندہ پیر کو ڈی جی آپریشنز نیب کو گواہی کیلئے طلب کرلیا

نیب کی شریف خاندان کیخلاف آف شور کمپنیاں عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنانے کی استدعا منظور، نواز شریف اور مریم نواز کی سات روزکیلئے استثنی کی درخواستیں مسترد ، ایک روز کی حاضری سے استثنی مل گیا

جمعہ 20 اپریل 2018 20:57

احتساب عدالت نے شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں آئندہ پیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) احتساب عدالت نے شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں آئندہ پیر کو ڈی جی آپریشنز نیب ظاہر شاہ کو گواہی کے لئے طلب کرلیا، نیب کی شریف خاندان کیخلاف آف شور کمپنیاں عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنانے کی استدعا منظور کر لی گئی۔ نواز شریف اور مریم نواز کی سات روزکیلئے استثنی کی درخواستیں مسترد کر دی گئی تاہم ایک روز کی حاضری سے استثنی مل گیا۔

جمعہ کو احتساب عدالت میں شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی ۔نواز شریف اور مریم نواز کو حاضری سے استثنی مل گیا تاہم کیپٹن صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ڈپٹی پراسکیوٹر نیب سردار مظفر کی جانب سے نواز شریف کیخلاف آف شور کمپنیوں سے متعلق اضافی دستاویزات کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنانے اور ڈی جی آپریشنز نیب ظاہر شاہ کو گواہ بنانے کی درخواست دائر کی گئی ۔

(جاری ہے)

دلائل کے دوران وکیل صفائی امجد پرویز نے درخواست پر اعتراض کیا کہا کہ درخواست میں بہت سی ایسی چیزیں ہیں جو پہلے عدالت میں زیر بحث نہیں لائی گئیں،گواہ کا نام بھی تب سامنے لایا گیا جب باقی گواہ ختم ہوچکے،نہ ہی ملزم کو نوٹس کیا اور گواہوں کی فہرست مکمل ہونے کے بعد نئے شواہد کی درخواست لے آئے، اگر20 مارچ کو دستاویزات موصول ہوئیں تو تب ہی دائر کرتے، جبکہ ایم ایل ایز بھی دو طرح کی ہیں جن میں ایک 27 مئی کا ہو سکتا ہے جبکہ 31 اکتوبر 2017 کے ایم ایل اے کا بھی ہمیں معلوم نہیں،سردار مظفر نے دلائل میں کہا کہ ملزمان کی جانب سے ان دستاویزات کو چھپایا گیا، جے آئی ٹی کے ایم ایل اے کی پیروی کی اسی ایم ایل ایز کے جواب میں یہ دستاویز حاصل ہوئیں۔

مریم نواز اور نواز شریف کی 7 روز کیلئے حاضری سے استثنی کی درخواستوں پر بھی نیب نے مخالفت کی اور کہا کہ ٹرائل آخری مراحل میں ہے، ملزمان کا نام پہلے ہی ای سی ایل میں ڈالنے کیلء یخط لکھا جا چکا ہے،وکیل صفائی نے یقین دہانی کرائی کہ ملزمان کو استثنی کے بعد عدالت جب طلب کرے حاضر ہونگے،عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نیب کی نواز شریف کی آف شور کمپنیوں سے متعلق یو کے دستاویز کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظور کر لی، نواز شریف اور مریم نواز کا ایک دن حاضری سے استثنی منظور جبکہ سات روز کی استثنی کی درخواست مسترد کردی، فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ آیندہ جب استثنی چاہیے ہو درخواست دائر کریں، عدالت نے ڈی جی آپریشنز نیب ظاہر شاہ کو پیر کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔