بھارت،لڑکیوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی خزانہ کھول دیا گیا، نتیش کمار

انٹر پاس طالبات کو10ہزار اور گریجویشن پر 25ہزارروپے دینے کا اعلان، وزیر اعلیٰ بہار

جمعہ 20 اپریل 2018 21:28

پٹنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے لڑکیوں کی فلاح و بہبود کیلئے خزانہ کھول دیا،انٹر پاس طالبات کو10ہزار اور گریجویشن پر 25ہزارروپے دینے کا اعلان کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہونیوالی کابینہ کی میٹنگ میں لڑکیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ریاستی حکومت نے خزانہ کھول دیا ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری یا گرانٹ یافتہ اسکول و کالج سے انٹر پاس کرنیوالی تمام غیر شادی شدہ لڑکیوں کو 10ہزار اور گریجویشن پاس کرنے پر (شادی شدہ اور غیر شادی شدہ)لڑکیوں کو 25ہزار روپے حکومت کی جانب سے دیئے جائیں گے۔ رواں ماہ اپریل 2018سے فیصلہ نافذ العمل ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کابینہ کی میٹنگ میں لڑکیوں کی فلاح وبہبود کیلئے وظیفہ اسکیم کی منظوری دی ہے۔ اس اسکیم کے تحت ریاست کی 1.6کروڑ لڑکیوں پر سالانہ 2221کروڑ روپے خرچ ہونگے۔میٹنگ کے بعد چیف سیکریٹری انجن کمار سنگھ نے بتایا کہ ایک خاندان کے 2بچوں کو اس وظیفہ اسکیم کا فائدہ حاصل ہوگا۔اس طرح پیدائش سے لیکر گریجویشن تک ہر لڑکی کو 54ہزار ایک سو روپے ملیں گے۔