زندہ قومیں اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں ‘ راجہ محمد حیدر نے زندگی بھرظلم وجبر کے خلاف اورکمزور ولاچار کیلئے جدوجہد کی

صدر میرپور بار چوہدری عبدالعزیز ایڈووکیٹ، سابق ڈی جی ادارہ ترقیات جاوید اقبال مرزا و دیگر کا غازی ملت راجہ حیدر خان کی 52 ویں برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعہ 20 اپریل 2018 20:41

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) زندہ قومیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں ، راجہ محمد حیدر خان نے زندگی بھرظلم وجبر کے خلاف اورکمزور ولاچار کیلئے جدوجہد کی ،ریاست جموں وکشمیر کو اللہ تعالیٰ نے زیرک و باشعور قیادت عطا کی جس نے قیام پاکستان سے قبل ہی کشمیریوں کے مستقبل کو پاکستان سے وابستہ کیا ،پاکستان کی ترقی و استحکام اورتکمیل پاکستان کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی ، ان خیالات کا اظہار صدر میرپور بار چوہدری عبدالعزیز ایڈووکیٹ، سابق ڈی جی ادارہ ترقیات جاوید اقبال مرزا، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ طاہر مرزا، سابق کمشنر(ر) راجہ فضل الرحمن ،ڈاکٹر مجید نظامی فورم آزادکشمیر کے کنونیئر ظہیر اعظم جرال و دیگر مقررین نے تحریک آزادی کشمیرکے ممتاز رہنما غازی ملت راجہ محمد حیدر خانؒکی52 ویں برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب میں تلاوت کلام پاک و نعت رسول مقبول ؐ کی سعادت قاری محمد انیس کو حاصل ہوئی جبکہ ڈائریکٹر BISP آزادکشمیر راجہ کلیم اللہ خان ،سیکرٹری جنرل میرپور بار عمر عبدالرحمن ایڈووکیٹ، نائب صدر چوہدری اظہرمحمودایڈووکیٹ ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک ،مسلم لیگی رہنما مرزا محمد آصف ،سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل آزادکشمیر عزیز الرحمن ایڈووکیٹ ، کشمیر پریس کلب میرپور کے سیکرٹری جنرل سجاد قیوم خانپوری ،بزم اہل قلم کے صدر ایم ڈی طاہر جرال ،تنظیم غیر جریدہ ملازمین بلدیہ اعلیٰ کے صدر مرزا عبدالبشیر، جنرل سیکرٹری راحیل احمد بٹ،مسلم لیگ ن نیو سٹی کے صدر مرزا محمد بشارت، جنرل سیکرٹری راجہ محمد اقبال کیانی ،مرزا محمد الیاس، ایمپلائز تعلیمی بورڈ کے صدر جاوید سرور،عاقب جاوید جرال و دیگر مقررین نے بھی راجہ محمد حیدر خان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا،مقررین نے کہا کہ راجہ محمد حیدر خان نے کٹھن حالات میں حق و صداقت کا پرچم تھامے رکھا ،کئی مرتبہ جیل میں گئے اور اُس وقت بھی جیل میں تھے جب راجہ محمدفاروق حیدرخان پیداہوئے ، راجہ حیدر خان نے تھوڑی عمر پائی لیکن لوگوں کے حقوق کیلئے زیادہ عرصہ جیل میں رہے، زمانہ طالب علمی میں ہی ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرنا شروع کی اورزندگی بھر ریاست جموں کشمیر کی آزادی اورکمزور ولاچارعوام کے حق کیلئے متحرک رہے آپ کی سیاسی و سماجی جدوجہد پر پوری ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو فخر اور نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے، مقررین نے کہا کہ راجہ محمد حیدر خان اور انکے دیگر خاندان نے ظلم ،جبر کے خلاف کھڑے ہوتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت، ترقی وخوشحالی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا جبکہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی جرأت مندی، راست گوئی و بے بیباکی کا برملااعتراف سیاسی مخالفین بھی کرتے ہیں اور آج بھی وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ تسلط اورکشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے اندرون و بیرون ملک سرگرم عمل ہیں اور بلخصوص کشمیریوں کے خون سے رنگے ہاتھوں والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی برطانیہ آمد کے موقع پر آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہو کر احتجاجی مظاہرہ کرنا اس بات کا مظہر ہے کہ کشمیر ی بھارتی تسلط کے خلاف متحد ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان تک کشمیری عوام اپنی جددوجہد جاری رکھیں گے ، مقررین نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے ایک باشعور اور زیرک قیادت عطا فرمائی جس نے قیام پاکستان سے قبل ہی ریاست جموں کشمیر کے مستقبل کو پاکستان سے وابستہ کرکے اپنی منزل کا واضح تعین کردیا ، مقررین نے کہا کہ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور ان کے رفقائے کار کی ہمارے پاس امانت ہے اگر ہم نے اس امانت کو دیانتداری سے نبھانا ہے تو ہمیں ہر حال میں پاکستان کی شہہ رگ کو بھارتی چنگل سے نجات دلانا ہو گی اور پاکستان کو مضبوط بنانا ہوگا،مقررین نے کہا کہ آج ہم علاقائی و برادری ازم کے باعث تقسیم در تقسیم ہو کرشدید مسائل ومصائب میں مبتلا ہیںضرورت اس امر کی ہے کہ ہم وسیع ترقومی سوچ کو پروان چڑھاتے ہوئے درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں اور پاکستان اور آزادکشمیر میں ترقی ، استحکام و ہم آہنگی کو پروان چڑھائیں، اس موقع پرمقررین نے ڈاکٹرمجید نظامی ؒ، پیر محمد عتیق الرحمن اورتحریک آزادی پاکستان و جدوجہد آزادی کشمیر میں گرانقدر کردار ادا کرنے والی قومی شخصیات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حمید نظامی ؒ نے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی قیادت میں قیام پاکستان کی جدوجہد میں گرانقدرکردار ادا کیا تو ڈاکٹر مجید نظامی نے استحکام پاکستان کیلئے ساری زندگی جدوجہد کی جبکہ پیر محمد عتیق الرحمن نے بھی اپنی زندگی دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت اور عقیدہ ختم نبوت کیلئے وقف کیے رکھی ، مقررین نے کہا کہ اپنے مشاہیر کو خراج عقیدت پیش کرنا زندہ قوموں کی نشانی ہے، تحریک آزادی کشمیر اورعوامی فلاح وبہبود کیلئے راجہ محمد حیدر خان ، چوہدری غلام عباس ،کے ایچ خورشید ،سردار محمد عبدالقیوم ، چوہدری نور حسین ، سردارمحمد ابراہیم خان ، سردار فتح محمد کریلوی ، غازی الہی بخش اور ان کے دیگر رفقاء کی خدمات و جدوجہد تاریخ کا اہم باب ہیں جنہوں نے نامساعد حالات میں بھی حق سچ پر کاربند رہتے ہوئے ریاست جموں کشمیر کے عوام کی بلا امتیاز خدمت اورپاکستان سے محبت کا درس دیاضرورت اس امر کی ہے کہ آج ہم خود اور اپنی نوجوان نسل کواپنے اسلاف کی قربانیوں وجدوجہد سے روشناس کراتے ہوئے ان کے افکار پر عمل پیرا ہوں، مقررین نے نوجوان نسل میں قومی سوچ کی بیداری کیلئے تمام قومی ہیروز کی زندگی اور جدوجہد پر بلا امتیاز سمینارز،مذاکرے منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تقریب کے آخر میں مرزا عبدالبشیر نے راجہ محمد حیدر خان ،ڈاکٹر مجید نظامی ؒ ،پیر محمد عتیق الرحمن سمیت دیگر شہداء کے بلندی درجات ، پاکستان کی ترقی و استحکام، مقبوضہ کشمیر کی آزادی، عالم اسلام کے اتحاد ،یکجہتی و سربلندی اور دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار پاک فوج کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کی ۔