کراچی کے اصل حقائق کو اجاگر کرنے کے لئے تاجروں کا متحرک ہونا خوش آئند ہے، گورنرسندھ محمد زبیر

جمعہ 20 اپریل 2018 21:27

کراچی کے اصل حقائق کو اجاگر کرنے کے لئے تاجروں کا متحرک ہونا خوش آئند ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ روشنیوں کے شہر کراچی میں مکین آزادانہ ماحول میں سیاسی ، سماجی ، معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ، مشکل حالات میں معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے والے تاجروں کا مثبت سرگرمیوں کے ذریعہ شہر کے اصل امیج کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے متحرک ہونا خوش آئند ہے۔

انہوں نے شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کے اشتراک سے آل سٹی تاجر اتحاد اورسندھ پولیس کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ کے انعقاد سے شہر کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ وہ جمعہ کو گورنرہاؤس میں آل سٹی اتحاد کے صدر حماد پونا والا کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ایس ایس پی عمر شاہد اور ایس پی سٹی شہلا قریشی بھی موجود تھی۔

ملاقات میں شہر کے ساز گار ماحول ،اصل حقائق دنیا کے سامنے لانے کے لئے تاجروں کی تجاویز، شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے سماجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے کردار،شہر میں جاری معاشی و اقتصادی سرگرمیوں، سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، کھیلوں کے فروغ ، پولیس عوام کے مابین تعاون کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ 2013 ئ میں مشکل حالات میں صنعت کار ، تاجر اور کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ افرادمشکل زندگی گذار رہے تھے لیکن حب الوطنی کے جذبہ نے انھیں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کو جاری رکھنے پر راغب کیا ،ان کی گراں قدر خدمات کے باعث ہی ملکی معیشت دوبارہ مستحکم ہو گئی ،شہر میں امن و امان کے قیام ، مستحکم معیشت اور سیاسی ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی ، کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے پروان چڑھنے سے کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے اصل حقائق دنیا کے سامنے لانے کے لئے شہر میں عالمی کانفرنسز ، نمائشوں اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جار ہے ہیں ، حال ہی میں پاکستان سپر لیگ فائنل میں پورے شہر میں عید کا سماں رہا لوگوں نے طویل عرصہ بعد کراچی میں عالمی کرکٹ کی بحالی کو زبردست انداز میں خیر مقدم کیا جس کے بعد ویسٹ انڈیز ٹیم کے ساتھ ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی شہر کے باسیوں کا جوش و خروش قابل دید تھا ، شہر کے مکینوں نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ روشنیوں کے شہر کے باسیوں نے محبت ، اخوت ، بھائی چارہ اور ہم آہنگی سے عدم برداشت کے رویہ کا خاتمہ کردیا ہے ، شہر میں نفرت ، انتشار ، تقسیم ، لسانیت ، فرقہ واریت اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ، شہر میں مخصوص ذہنیت کے حامل افراد کی بیخ کنی کے لئے ٹارگیٹڈ آپریشن عوام کے تعاون سے جاری ہے اس ضمن میں شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز ، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر سے ہر قسم کے جرائم کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آل سٹی تاجر اتحاد کی جانب سے کراچی کے اصل تاثر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے عید الفطر کے بعد شہر میں تاجروں اور پولیس کی کرکٹ ٹیموں کے مابین میچ جس میں شو بز سے تعلق رکھنے والے افراد دونوں جانب سے شرکت کرینگے خوش آئند ہے ، میچ سے قبل رنگا رنگ تقریب میں شوبز کے افراد اپنی صلاحیتوں سے شہر کے تشخص کو اجاگر کرینگے ، پولیس اور عوام کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے فروغ سے ہی شہر کو آئیڈیل ماحول فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے اس ضمن میں حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

ملاقات میں آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا نے گورنرسندھ کو کرکٹ میچ سے متعلق تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس ضمن میں محکمہ پولیس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مثبت سرگرمی میں بھرپور تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ، شہر کے اصل حقائق اجاگر کرنے میں حکومت کے ساتھ ساتھ ادارے اور تاجروں سمیت ہر ایک متفق ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

ملاقات میں ایس ایس پی عمر شاہد نے بتایا کہ پولیس عوام کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے ، میچ کے ساتھ ساتھ فیسٹول کے نعقاد سے شہریوں کو بھرپور تفریح کے مواقع میسر آئیں گے ، رنگا رنگ تقریب میں شہریوں کی بھرپور شرکت سے دنیا میں کراچی کا اصل امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی اس ضمن میں میڈیا بھی بھرپور تعاون فراہم کررہا ہے۔