دور ہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ جار ی،

بیٹسمینوں کیساتھ ساتھ بائولرز کی بھی بیٹنگ کی بھرپور مشقیں راحت علی کو ڈیڑھ گھنٹے تک بیٹنگ کی پریکٹس ، شاداب خان اور حسن علی بولنگ نے بولنگ کی بجائے بیٹنگ کی زیادہ پریکٹس کی فخرزماںنے پریکٹس سیشن کے دوران بڑے اسٹروکس کھیلنے کے بجائے دفاعی اور زمینی شاٹس کھیلنے کی بھرپور مشق کی

جمعہ 20 اپریل 2018 21:13

دور ہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ جار ی،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جار ی ہے جس میں کھلاڑی جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں اور خودکوانگلینڈ کے مشکل ٹورکیلئے تیار کررہے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی زیادہ ترتوجہ فخرزماں اور لوئرآرڈربیٹسمینوں پر رہی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان ٹیم منیجمنٹ دورہ آئرلینڈ و انگلینڈمیں ٹاپ آرڈرکی ناکامی کی صورت میں نچلے نمبروں کے بلے بازو ں کو تیار کررہی ہے۔

فخرزماں نے ٹاپ گرین وکٹ پر طویل پریکٹس سیشن کے دوران بڑے اسٹروکس کھیلنے کے بجائے دفاعی اور زمینی شاٹس کھیلنے کی بھرپور مشق کی۔ وہ کراس بیٹ سے کھیلنے سے گریز کرنے کی مشق کرتے رہے جبکہ راحت علی کو ڈیڑھ گھنٹے تک بیٹنگ کی پریکٹس کرائی گئی جبکہ لیگ اسپنر شاداب خان اور فاسٹ بولر حسن علی بھی بولنگ کے بجائے بیٹنگ کی زیادہ پریکٹس کرتے رہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی اسکواڈ میں موجودچار ہزار سے زائد ٹیسٹ رنزبنانے والے واحد بلے باز اظہرعلی نے بھی بیٹنگ کی بھرپور پریکٹس کی جبکہ اسدشفیق اور بابراعظم بھی بیٹنگ پریکٹس میں خاصے مشغول رہے۔بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے انہیں انگلش کنڈیشنز میں کھیلنے کے حوالے سے ٹپس بھی دیں۔واضح رہے کہ شاداب خان اسپن بولنگ کے ساتھ ساتھ اچھی بیٹنگ بھی کرلیتے ہیں جنہیں حالیہ پی ایس ایل 3کے دوران بھی اوپری نمبروںپر کھلایا گیاتھا۔

اس طرح حارث سہیل نے بھی بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بولنگ کی بھرپور مشق کی۔یاسرشاہ کے ان فٹ ہوجانے کے سبب حارث سہیل سے دورے میں اسپن بولنگ کا بھی کام لیا جانا ہے جس نے سری لنکا کے خلاف گزشتہ سیریزمیں پانچ وکٹیں حاصل کرکے سلیکٹرز اورٹیم مینجمنٹ کا اعتماد حاصل کیاتھا۔تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فٹنس ڈرلز پر بھرپور پسینہ بہایاجبکہ وہ شارٹ رننگ کے بعد جمپ کی پریکٹس بھی کرتے دکھائی دیئے۔تمام کھلاڑیوں کو کمرمیں رسی ڈال کر آگے بھاگنے کی مشق بھی کرائی گئی۔فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن نے کھلاڑیوں کو بیٹ سے ٹکراکر اچانک اچھل کر آنے والے سلپ کیچز کی پریکٹس کرائی۔