پاکستان کو تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مالامال سرزمین کے طور پر مارکیٹ چاہیے ، ملک طاہر جاوید

میگا پاکستان پیپر اینڈ سٹیشنری شواس شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مدد دے گا، صدر لاہور چیمبر

جمعہ 20 اپریل 2018 20:13

پاکستان کو تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مالامال سرزمین کے طور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کو تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مالامال سرزمین کے طور پر مارکیٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ 15900ارب ڈالر کی مجموعی عالمی برآمدات میں خاطر خواہ حصہ ڈال سکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایکسپوسنٹر لاہور میں میگا پاکستان پیپر اینڈ سٹیشنری شوکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین محمد سلیم میمن، معظم رشید اور خامس سعید بٹ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا، ایک ہزار سے زائد وزٹرز اور نمائش کنندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ تجارتی میلے اور نمائشیں صرف ایک مارکیٹنگ ٹول نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر ہیں، یہ تجارتی اشیاء کی خصوصیات سے دنیا کو آگاہ ، مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ ہموار، ملک میں قیمتی زرمبادلہ لاتی اور ملک کی بہترین ساکھ کو اٴْجاگر کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میگا پاکستان پیپر اینڈ سٹیشنری شواس شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مدد دے گا۔ ملک طاہر جاوید نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اندرون و بیرون ملک تجارتی میلوں اور نمائشوں کے انعقاد میں نجی شعبہ کی مدد کرے تاکہ غیرملکی خریداروں کی توجہ کھینچی جاسکے۔ انہوں نے جرمنی اور چین کی مثال دی جو نمائشوں و میلوں کے انعقاد میں سرفہرست ہیں، انہوں نے کہا کہ صرف جرمنی میں ہر سال ایک ہزار سے زائد تجارتی نمائشیں و میلے منعقد ہوتے ہیں جنہوں نے اس کی معیشت کو انتہائی مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ہمیشہ اس حوالے سے مربوط حکمت عملی پر زور دیا اور ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ زیادہ سے زیادہ شہروں میں ایکسپوسنٹرز قائم کرے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے سٹالز کا دورہ کیا اور مقامی و غیرملکی نمائش کنندگان سے بات چیت کی۔