ڈینگی پروگرام کے سینکڑوں ملازمین کا اپنے مطالبات کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 20 اپریل 2018 20:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) ڈینگی پروگرام کے سینکڑوں ملازمین نے گزشتہ روز اپنے مطالبات کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور پریس کلب کے باہر دھرنا دیکر ٹریفک بند کر دی جس سے لاہور پریس کلب کے گردو نواح کی سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ڈینگی پروگرام کے احتجاجی کارکنوں کا مطالبہ تھا کہ انہیں فوری طور پر ریگولر کیا جائے اور انہیں محکمہ صحت کے فیلڈ ورکروں کے سکیلوں کے مطابق تنخواہیں کی ادائیگی کی جائے اس موقع پر ڈینگی پروگرام کے ملازمین نے پنجاب بھر کے ویکسی نیٹروں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت ویکسی نیٹروں کے کنونس الائونس کی کٹوتی کا فیصلہ واپس لے انہوں نے کہا کہ انہوں نے بارشوں کے اس موسم میں احتجاجا ڈینگی پروگرام کا بائیکاٹ کر دیا ہے اور آج سے وہ ویکسی نیٹروں کے احتجاج میں شامل ہو چکے ہیں یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ڈینگی پروگرام کے ملازمین کے احتجاج میں پنجاب بھر سے آئے ہوئے ویکسی نیٹروں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی اور انہوں نے بھی ڈسپنسریوں میں حفاظتی ٹیکہ جات کی عدم فراہمی خسرہ اور پولیو مہم کو روکے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ان کا احتجاج و دھرنا جاری رہے گا اور وہ اپنے سرکاری امور انجام نہیں دینگے۔