پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس سندھ کی جانب سے وزیر داخلہ سندھ کی شکایت پر سماء ٹی وی اور ابتک ٹی وی کو جرمانے

جمعہ 20 اپریل 2018 19:19

پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس سندھ کی جانب سے وزیر داخلہ سندھ کی شکایت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی کونسل آف کمپلینٹس سندھ نے وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال،علی جہانگیر صدیقی کی شکایت پر سماء ٹی وی8لاکھ اور ابتک ٹی وی کو 5لاکھ جرمانے کر دیئے، ٹی وی چینلز کو تنبیہ کی گئی کہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ یقینی بنائی جائے ۔پیمرا کونسل آف کمپلینٹس سندھ کا اجلاس ریجنل دفتر میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور خان سیال کی جانب سے ابتک ٹی وی اور سماء ٹی وی کے خلاف بے بنیاد اور ہتک آمیز مواد نشر کرنے کے خلاف شکایت کی سماعت کی گئی ۔ دونوں ٹی وی چینلز کونسل کو مطمئین نہیں کرسکے جس پر دونوں کو 5,5لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ۔کونسل نے جے ایس بنک کی جانب سے چیئرمین جے ایس بنک علی جہانگیر صدیقی کی امریکہ کے سفیر کی تقرری کے حوالے سے سماء ٹی وی پر غلط ،ہتک آمیز خبر نشر کرنے کی شکایت کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

کونسل نے سماء ٹی وی کو 3لاکھ روپے جرمانہ کیا اور تنبیہ کی کہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ یقینی بنائی جائے ۔کونسل نے آرتھو پیڈک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر خان اعظم خان کی جانب سے آج ٹی وی پر ہسپتال کے حوالے سے بے بنیاد اور ہتک آمیز خبر نشر کرنے کی شکایت کی سماعت کی ،معالہ سندھ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہونے پر شکایت پر کارروائی موخر کر دی اسی طرح آج ٹی وی کے خلاف بھی ایک شکایت پر کارروائی موخر کر دی ۔اجلاس کی صدارت محمد انعام بری نے کی جبکہ ممبران کونسل انجم آراء صباح الدین، لال ماجد ، مظہر علی سیٹھو ، مکیش کمار اور سیکرٹری سی او سی اشفاق جمانی بھی شریک تھے ۔