2018ء کا الیکشن پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا الیکشن ہے‘پرویز ملک

ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن‘ لوٹ مار اور غلط پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج متاثر ہوا‘عمران نذیر

جمعہ 20 اپریل 2018 19:09

2018ء کا الیکشن پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا الیکشن ہے‘پرویز ملک
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن‘ لوٹ مار اور غلط پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج متاثر ہوا،ہماری حکومت نے عوام کے خون پسینے کی کمائی کو دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں پر خرچ کیا ہے۔

عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرارکان اسمبلی میاں مرغوب احمد،غزالی سلیم بٹ،چوہدری شہباز، سید توصیف شاہ،سینیٹرڈاکٹر اسد اشرف،عامر خان،جاوید اقبال ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار رانا احسن شرافت،سمیرا امجد،ثمرہ نذیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے منصوبے شفافیت‘ رفتار اور اعلیٰ معیار کی خود گواہی دے رہے ہیں۔میاں نواز شریف کی سرپرستی اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں ملک مزید رقی کریگا، 2018ء کا الیکشن پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا الیکشن ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دن رات محنت کر کے خلوص دل سے عوام کی خدمت کی ہے، ملک سے غربت اور بے روز گاری کا خاتمہ کریں گے ، محمد نوازشریف کی محبت کبھی نہیں جاسکتی۔

وہ لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں، نوازشریف پاکستان کی شان،آن ، بان ، مدبرسیاستدان اور ہماری سیاست کے عظیم سپوت ہیں، ان کی قیادت میں ہم ترقی کریں گے اور ملکر آگے بڑھیں گے، دن رات جھوٹ بولنے والے عمران کی وجہ سے میٹرو اورنج ٹرین منصوبے میں 22ماہ کی تاخیر ہوئی،خیبر پی کے کے غیور عوام نے عمران پر اعتبار کر کے اسے حکومت دی لیکن اس نے معاشی لحاظ سے صوبے کا بیڑہ غرق کردیا۔