یو اے ای ،ْ واٹس ایپ کے ذریعے منشیات کی فروخت کے الزام میں پاکستانی گرفتار

پاکستانی ڈرائیورپر مبینہ طور پر واٹس ایپ کے ذریعے منشیات فروخت کر نے کا الزام ہے ،ْ میڈیا رپورٹ

جمعہ 20 اپریل 2018 19:09

یو اے ای ،ْ واٹس ایپ کے ذریعے منشیات کی فروخت کے الزام میں پاکستانی ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) متحدہ عرب امارات میں واٹس ایپ کے ذریعے منشیات فروخت کرنے کے الزام میں ایک پاکستانی شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق 41سالہ پاکستانی ڈرائیور پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر واٹس ایپ کے ذریعے منشیات فروخت کیا کرتا تھا۔پراسیکیوٹر کے مطابق مذکورہ شخص، واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے منشیات اور نارکوٹکس کی فروخت کے پیغامات بھیجا کرتا تھا، اس سے قبل اسے مراقبت کے علاقے میں 26 دسمبر 2017کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

دبئی پولیس کے اینٹی نارکوٹکس ڈویژن کے ایک لیفٹیننٹ کے مطابق ہمیں باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی کہ یہ شخص الوحیدہ کے علاقے میں اپنے گھر میں منشیات فروخت کرتا ہے ہم نے اس کے گھر پر چھاپہ مارا اور اس کی جیب سے 16 ہزار 950درہم برآمد کرلیے جن کے بارے میں ہمیں شبہ تھا کہ اس نے منشیات کی فروخت سے حاصل کیے تھے تاہم ملزم کے مطابق اسے یہ رقم اپنی کار کو فروخت کرنے سے حاصل ہوئی۔

(جاری ہے)

مذکورہ پولیس افسر کے مطابق ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ وہ منشیات کی فروخت کے لیے سوشل میڈیا جیسے کہ واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹا گرام استعمال کرتا ہے، اس کا موبائل فون قبضے میں لیا گیا اور اس کا جائزہ لیا گیا، جس میں موجود میسجز اور آڈیو پیغامات میں ایسے بے شمار الفاظ پائے گئے تھے، جو منشیات کی فروخت کے لیے استعمال ہوتے تھے جبکہ ایک سفید پاڈر کی تصویر بھی ملی۔'دوسری جانب کرائم لیب رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص کے پیشاب کے نمونے میں بھی مارفین اور کوڈین کی موجودگی ثابت ہوئی۔