میری ٹائم کے شعبے میں مسلسل تربیت اہمیت کی حامل ہے، گورنرسندھ

دوست ممالک ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور باہمی تعاون کے ذریعہ اس شعبہ میں بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں،وفد سے ملاقات

جمعہ 20 اپریل 2018 18:29

میری ٹائم کے شعبے میں مسلسل تربیت اہمیت کی حامل ہے، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ میری ٹائم کے شعبے میں مسلسل تربیت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے نت نئے چیلنجز سے نمٹنے کی تربیت ملنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ افسران اور عملہ کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ بین الاقوامی سیمینار میں شرکت کرنے والے دوست ممالک کے مندوبین دو طرفہ تعلقات کے مزید استحکام میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوسرے بین الاقوامی میری ٹائم اکیڈمیز سیمینار کے غیرملکی شرکاء 22رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں مالدیپ، تنزانیہ ، کینیا، ملائیشیا، سویڈن اور موریشس اور دیگر سے تعلق رکھنے والے افسران شامل تھے ۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور عالمی امن کے قیام میں پاکستان کے کردار، سی پیک منصوبہ ، پاکستان میں بجلی بحران کے خاتمہ اور مضبوط مستحکم معیشت میں موجودہ حکومت کے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ 2013 ء کے مقابلہ میں آج کا پاکستان زیادہ محفوظ اور معاشی طور پر مستحکم ہے، امن و امان ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ سیاسی، سماجی ، معاشی، اقتصادی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے لئے رینجرز ، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثل قربانیاں دی ہیں یہی وجہ ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت پر عزم ہے کہ ان کی قربانیوں کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی و اقتصادی شعبہ کے فعال کردار اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ منصوبہ میں گوادر اور کراچی کو عالمی تجارت میں مرکزی اہمیت حاصل ہوگی، کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے سرمایہ کاری کے لئے پرکشش حیثیت کا حامل شہر ہے ، سی پیک منصوبہ پاکستانی معیشت میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک میں 62 ارب ڈالرز کے منصوبے کئے جائیں گے جبکہ جاری منصوبوں میں اب تک بڑی تعداد میں مقامی افراد کو ملازمتوں کے مواقع بھی میسر آچکے ہیں۔ منصوبہ پاکستان چین تعلقات کا عظیم الشان مظہر ہے، اس منصوبے سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج ابھر رہا ہے ۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد تیز ترین معاشی ترقی یقینی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کا نہایت قریبی دوست ہے، دونوں ممالک کے درمیان گرمجوشی پر مبنی تعلقات ہیں جن کی بنیاد باہمی احترام پر ہے۔

سری لنکا اور پاکستان کے عوام ایک دوسرے کے نہایت قریب ہیں۔ اس موقع پر موجود موریشس کے شرکاء نے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے حکومت اور پاکستان میری ٹائم اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی بدولت ان کی معلوماتی سیمینار میں شرکت یقینی بنی ۔ کینیا سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے گورنر سندھ سے پاکستانی جامعات کے ساتھ باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی درخواست کی۔