وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مختلف عالمی رہنمائوں سے بالمشافہ ملاقاتیں ،ْ

مختلف موضوعات پر بامقصد بات چیت وزیراعظم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو سراہا بنیادی حقوق کی فراہمی اور تنازعات کو حل کئے بغیر پرامن معاشرہ تشکیل نہیں پا سکتا ،ْشاہد خاقان عباسی

جمعہ 20 اپریل 2018 18:27

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مختلف عالمی رہنمائوں سے بالمشافہ ملاقاتیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لندن میں دولت مشترکہ کے اجلاس کے موقع پر مختلف عالمی رہنمائوں سے بالمشافہ ملاقاتوں کے دوران مختلف موضوعات پر بامقصد بات چیت کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی ترقی اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق بھی عالمی رہنماؤں کو آگاہ کیا اور کہا کہ موثر منصفانہ تجارتی نظام، استحکام اور ترقی کیلئے ضروری ہے۔

وزیراعظم نے تجارت و سرمایہ کاری کو بہتر بنانے کے تناظر میں رابطے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے سی پیک منصوبے کو خطے میں رابطوں کے فروغ قومی اور علاقائی طور پر خوشحالی کیلئے ایک ماڈل کے طور پر بیان کیا۔ وزیراعظم نے عالمی سطح پر تحفظ پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحانات پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے منصفانہ‘ مؤثر اور کثیر المقاصد تجارتی نظام کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسے عناصر کو ہر حال میں شکست دینی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے مستحکم ترقی اور پاکستان کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے مقبوضہ خطوں کے عوام کیلئے حقوق کی فراہمی پر بھی زور دیا اور کہا کہ بنیادی حقوق کی فراہمی اور تنازعات کو حل کئے بغیر پرامن معاشرہ تشکیل نہیں پا سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ پرامن معاشرے کی تشکیل کیلئے بنیادی حقوق اور تنازعات کو حل کرنا ضروری ہے۔ پائیدار مستقبل کے موضوع پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے پائیدار ترقی کیلئے 2030ء کے ایجنڈے پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔