ٹرمپ کے مشیر کی روسی سفیر سے پہلی ملاقات،دونوں ممالک کے تعلقات پر گفتگو

ہمیں دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد کی خاطر عالمی امن کے لیے کام کرنے میں ایک دوسرے کی ضرورت ہے،وائٹ ہائوس

جمعہ 20 اپریل 2018 18:08

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) وہائٹ ہائوس نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن نے واشنگٹن میں روسی سفیر اناطولی انتونوف سے ملاقات کی ہے۔ اعلی سطح کے دونوں عہدے داران کے درمیان یہ اپنی نوعیت کی پہلی ملاقات ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وہائٹ ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں امریکا اور روس کے درمیان تعلقات پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

جون بولٹن کے مطابق واشنگٹن اور ماسکو کے مفاد میں ہے کہ دونوں کے بیچ بہتر تعلقات ہوں تاہم یہ امر اس بات کا متقاضی ہے کہ متعدد امور کے حوالے سے امریکی تشویش کے ساتھ نمٹا جائے۔ ان میں 2016 میں امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت اور برطانیہ میں کیمیائی ہتھیار(روسی ایجنٹ اسکریپل کو زہر دیے جانے کی کارروائی)کے استعمال کے علاوہ یوکرین اور شام کی صورت حال شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ روس اور امریکا کو دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد کی خاطر بین الاقوامی امن کے حوالے سے کام کرنے میں ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔