حکومت فوری طور پر گندم کی اجرائی قیمت کا اعلان کرے ‘افتخار مٹو

ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں سے کام نہیں چلے گا۔ اربوں روپے سے لگائی گئی فلو ر ملنگ انڈسٹری شدیدبحران سے دوچار ہے

جمعہ 20 اپریل 2018 17:36

حکومت فوری طور پر گندم کی اجرائی قیمت کا اعلان کرے ‘افتخار مٹو
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب) کے سابق چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو، سابق چیئرمین میاں ریاض ،سینٹرل ایگزیکٹو ممبر عاطف عبدالغفار نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر گندم کی اجرائی قیمت کا اعلان کرے ، ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں سے کام نہیں چلے گا۔ اربوں روپے سے لگائی گئی فلو ر ملنگ انڈسٹری حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے شدیدبحران سے دوچار ہے اگر فوری طور پر کوئی مثبت اقدامات نہ کئے گئے تو فلور ملنگ انڈسٹری انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگی ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری افتخار احمد مٹو نے کہاکہ گندم کی نئی فصل مارکیٹ میں آچکی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت 1300 روپے فی چالیس کلو گرام مقرر کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت نے گندم خریداری کیلئے امدادی قیمت کا اعلان تو کر دیا ہے لیکن گندم کی اجرائی قیمت کا تا حال اعلان نہیں کیا گیا ، انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی سالوں سے حکومت گندم کے اجراء کے وقت گندم کی قیمت فروخت میں کمی کر دیتی ہے جس کی وجہ سے فلور ملنگ انڈسٹری کو کئی مسائل کا سامنا رہتا ہے میاں ریاض نے کہا کہ فلور ملنگ انڈسٹری بنیادی سٹیک ہولڈر ہے اور محکمہ خوراک کے بعد گندم کا دوسرا بڑا خریدار اور استعمال کنندہ ہے گندم کی خریداری کے وقت اجرائی قیمت کا اعلان نہ ہونے سے فلور ملز مالکان کو اپنی گندم کی خریداری کے سلسلہ میں شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی امدادی قیمت کے ساتھ ساتھ گندم کی اجرائی قیمت کا بھی فوری طور پر اعلان کیا جائے اور فلور ملز مالکان گندم ایکسپورٹ کی مد میں رکے ہوئے واجبات فوری طور پر ادا کئے جائیں تاکہ فلور ملز مالکان گندم خریداری میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔