ہنگو،دہشت گردی کے الزام میں گرفتار 9قیدی رہا

جمعہ 20 اپریل 2018 16:23

ہنگو،دہشت گردی کے الزام میں گرفتار 9قیدی رہا
ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) اورکزئی ایجنسی سے تعلق رکھنے والے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار 9قیدیوں کو رہا کر دیا گیا، اب تک 20قیدیوں کو رہا کیاگیا ہے، ان قیدیوںنے 3تا 7سال قید کاٹی، ان قیدیوں کو سیکیورٹی فورسز نے کوہاٹ ہنگو اور اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا تھا، اس حوالے سے گزشتہ روز اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ اپر اورکزئی ایجنسی حیدر حسین کے دفتر میں قیدیوں کی رہائی کی ایک مختصر تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر جی جی جمال صدر پاکستان پیپلز پارٹی اورکزئی ایجنسی اقبال حسین سینیٹر اورنگزیب کے بھائی حاجی شکیل بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جی جی جمال،حیدر حسین و دیگر نے کہا کہ آج سے یہ عہد کریں کہ ملک اور علاقے کے خلاف کسی بھی قسم کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گے بلکہ اپنے علاقوں میں ملک دشمن عناصر کو نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے علاقے، ملک، والدین اور بچوں پر رحم کریں اور آئندہ اپنے ملک و قوم اور علاقے کی خدمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف فورسز اور حکومت کا ساتھ دیں۔ تقریب کے دوران رہا کئے گئے قیدیوں نے کہا کہ ہم اپنی زمین کو ماں کا درجہ دیتے ہیںاور آج سے یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے علاقے کی حفاظت کریں گے اور کسی بھی مشکوک شخص کو اپنے علاقوں میں نہیں چھوڑیں گے۔

اپنے علاقوں میں امن و امان کی قیام کی خاطر فورسز اور حکومت کا ساتھ دیں گے ۔ہم محب وطن ہیں اپنے ملک اور علاقوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں آ ج کے بعد نہ خود غلط کام کریں گے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے انہوں نے تما م فاٹا اور بالخصوص اورکزئی ایجنسی کے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو برباد نہ کریں غلط راستوں کی بجائے صحیح راستہ چنیں دہشت گردوں کے خلاف حکومت اور فورسز کا ساتھ دیں۔