ملک کی 70سالہ تاریخ پر عوام کو افسوس ہے، پاکستان کا مستقبل بہتر بنانے کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا‘خواہش ہے بیمار اہلیہ کے ساتھ زیادہ وقت گزاروں۔نوازشریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 20 اپریل 2018 15:05

ملک کی 70سالہ تاریخ پر عوام کو افسوس ہے، پاکستان کا مستقبل بہتر بنانے ..
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 اپریل۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کی 70سالہ تاریخ پر عوام کو افسوس ہے، پاکستان کا مستقبل بہتر بنانے کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔کلثوم نواز کی تیماری داری کیلئے شریف فیملی لندن میں موجودہے،نواز شریف نے اہلیہ کی صحت یابی کیلئے عوام سے دعاﺅں کی اپیل کردی۔جمعے کو صحافیوں سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی 70سالہ تاریخ پر ہرپاکستانی کو افسوس ہے،تمام سیاستدانوں کو مل کر ملک کا مستقبل بہتر بنانا ہوگا۔

نوازشریف نے کہا کہ احتساب عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کیلئے درخواست دی ہے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔شریف خاندان کیخلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 23اپریل کے لئے مقرر ہے۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کافی کمزور ہو گئی ہیں اور میری خواہش ہے کہ اہلیہ کے پاس زیادہ سے زیادہ وقت گزاروں۔انہوں نے کہاکہ بیگم کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے ڈاکٹرز کے ساتھ ملاقاتیں ہو رہی ہیں، وہ کافی کمزور بھی ہوگئی ہیں، ان کی صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ اہلیہ کے پاس وقت گزاروں، ہم نے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی ہیں لیکن معلوم نہیں استثنیٰ ملے گا یا نہیں، دیکھتے ہیں کیا نتیجہ آتا ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز لندن کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں، کلثوم نواز کو گزشتہ روز طبیعت بگڑنے پر دوبارہ لندن کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کو امید تھی کہ کیموتھراپی کے 6 سیشن ہونے کے بعد وہ صحتیابی کی جانب بڑھیں گی مگر صحت کی ریکوری ڈاکٹروں کی توقع کے مطابق نہیں ہورہی۔