نیویارک میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف بڑا آپریشن ‘35پاکستانی گرفتار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 20 اپریل 2018 15:03

نیویارک میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف بڑا آپریشن ‘35پاکستانی گرفتار
نیو یارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 اپریل۔2018ء) امریکی شہر نیویارک میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا،آپریشن میں35 پاکستانیوں سمیت 225 تارکین وطن کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ کے حکام کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف نیو یارک میں بڑا آپریشن کیا گیا، آپریشن میں 225تارکین وطن کوگرفتارکر لیاگیا، گرفتار تارکین وطن میں پاکستانیوں کی بڑی تعدادبھی شامل ہیں۔

غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کیخلاف آپریشن نیویارک سٹی، لانگ آئی لینڈ اور ہڈسن ویلی میں کیا گیا، جو 6 روز تک جاری رہا۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی کی خصوصی ٹیم نے ریستوران، پٹرول پمپس اور دکانوں پر چھاپے مارے، گرفتار تارکین وطن میں35پاکستانیوں سمیت بنگلادیش، چین، جنوبی افریقہ، جنوبی افریقہ، صومالیہ کے باشندے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ہوم لینڈ سیکورٹی کے مطابق تمام گرفتار افراد کو جلد ڈی پورٹ کیا جائے گا۔امریکی محکمہ امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ کے مطابق ایسے تارکین وطن جو ڈپورٹیشن کے باوجود بار بار ملک میں داخل ہورہے ہیں ان کے خلاف وفاقی قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شمالی امریکا کے آزاد تجارت کے معاہدے ’نافٹا‘ کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔