ایون فیلڈ ریفرنس: مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی دلائل مکمل ‘ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 20 اپریل 2018 15:03

ایون فیلڈ ریفرنس: مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی دلائل مکمل ‘ حاضری ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 اپریل۔2018ء) احتساب عدالت نے شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز پراضافی دستاویزات عدالتی ریکارڈ پر لانے کیلئے ڈی جی آپریشنز نیب کو گواہ بنانے کی استدعا کی گئی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی نے مختلف ممالک سے دستاویزات کیلئے خطوط لکھے تھے، جے آئی ٹی کے بعد نیب نے خطوط کی پیروی کی۔نیب پراسیکیوٹر سردارمظفر نے احتساب عدالت کو بتایا کہ ڈی جی آپریشنزظاہرشاہ نے برطانیہ سے دستاویزات وصول کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب کوفلیگ شپ اورایون فیلڈ سے متعلق دستاویزات ملی ہیں، دستاویزات لندن رجسٹری ریکارڈ، یوٹیلٹی بلز اور کونسل ٹیکس کی ہیں، دستاویزات جےآئی ٹی کے ایم ایل ایزکے جواب میں ملی ہیں۔

سردارمظفرنے کہا کہ نیب نے جے آئی ٹی کی طرف سے لکھے گئے ایم ایل ایزکی پیروی کی، نیب نے یوکے سینٹرل اتھارٹی کوخط لکھا جس کا جواب موصول ہوا۔نیب پراسیکیوٹرکی جانب سے اضافی دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے پردلائل مکمل ہوگئے۔قبل ازیںاحتساب عدالت میں نوازشریف اورمریم نواز کی 7 دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ہے جسے عدالت نے مسترد کردیا ہے۔مریم نواز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز کی ریڈیو تھراپی کی جارہی ہے اور اس موقع پر نواز شریف اور مریم نواز کا وہاں ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حلف لیتا ہوں اگر عدالت استثنیٰ دے تو اس کا غلط استعمال نہیں کیا جائے گا،جب بھی عدالت طلب کرے گی ملزمان حاضر ہوں گے۔