وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ود ہولڈنگ ٹیکس کوفوری واپس لے ‘ویمن چیمبر آف کامرس

دیگر ٹیکسوں کی موجودگی میں اپنی ہی جمع شدہ رقم کے لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا کوئی جواز باقی نہیں ‘شازیہ سلیمان

جمعہ 20 اپریل 2018 15:12

وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ود ہولڈنگ ٹیکس کوفوری واپس لے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مرکزی رہنماء و سابق صدر شازیہ سلیمان نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس ،سیلز ٹیکس و دیگر ٹیکسوں کی موجودگی میں اپنی ہی جمع شدہ رقم کے لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا ،اس ٹیکس کے باعث بینک بھی بحران کا شکار ہیں لہٰذا وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میںود ہولڈنگ ٹیکس کوفوری واپس لے اور ایف بی آر کاروباری برادری کے مسائل کو سمجھے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے ودہولڈنگ ٹیکس کو ختم کرے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جاری کر دہ بیان میں شازیہ سلیمان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تاجروں پر کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگنا چاہئے۔ صرف ان لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے جو حکومت کو ٹیکس ادا نہیں کرتے ۔ ریفنڈز نہ ملنے اور کئی قسم کے ٹیکسز سے کاروباری طبقہ پہلے ہی پریشان ہیں اور بعض دفعہ کرپشن کا منہ بھی دیکھنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت کے وسیع تر مفاد میں اور کاروباری طبقہ کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کے لئے ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے جبکہ کاروباری خواتین کے لیے بجٹ میں خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے ۔انہوں نے مذید کہا کہ کاروباری برادری کو آنے والے بجٹ میںمسلم لیگ (ن)کی حکومت سے بہت مثبت امیدیں وابستہ ہیں۔