پاکستان کا آئندہ ماہ 1 ارب ڈالر کے بچت سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اعلان

سے 5 سالہ مدت کے ڈالربیس سیونگ سرٹیفکیٹ کی فروخت خلیجی ملکوں سے شروع کی جائیگی،بعدمیں دائرہ وسیع کریں گے،ظفر مسعود

جمعہ 20 اپریل 2018 14:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) محکمہ قومی بچت ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ جاری کرے گا جب کہ ان بانڈز کی مجموعی مالیت 50کروڑ ڈالر سے 1ارب ڈالر تک ہوگی۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان قومی بچت(سی ڈی این ایس)ظفر مسعود نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ قومی بچت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مئی میں 3 سے 5 سال کی مدت کے ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ جاری کرے گا جب کہ ان بانڈز کی مجموعی مالیت 50کروڑ ڈالر سے 1ارب ڈالر تک ہوگی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ظہیر عباس، جاوید شیخ، ریجنل ڈائریکٹر عبدالغفور بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ظفر مسعود نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ہم مئی میں ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ کا اجرا کر رہے ہیں جس کی کم از کم قیمت 1000 ڈالر ہوگی جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ مالیت زیرغور ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابھی ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ کا اجرا صرف جی سی سی ممالک سے کریں گے لیکن اس کے بعد اس کا دائرہ کار بڑھائیں گے، ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ 3 سے 5 سال کی مدت کے لیے ہوں گے لیکن درمیان میں اگر کوئی اس اسکیم سے نکلنا چاہے گا تو اسے چھوٹا سا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

ظفر مسعود نے کہا کہ ڈالر بیس سیونگ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے 2016 سے کام کر رہے تھے، اس پر ہم نے 2 سال کام کیا ہے اور پھر مارکیٹ میں آئے، اس سرٹیفکیٹ کا ایمنسٹی اسکیم سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا اور ملک میں ڈالر کی صورت میں زرمبادلہ آئے گا۔