بینکاری کی سہولتوں تک خواتین کی رسائی سے صحت اور تعلیم کے شعبوں کی صورتحال کو بہتر کیا جاسکتاہے، عالمی بینک

جمعہ 20 اپریل 2018 11:22

بینکاری کی سہولتوں تک خواتین کی رسائی سے صحت اور تعلیم کے شعبوں کی صورتحال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) موبائل فون کے استعمال میں اضافہ سے غریب طبقات اور دیہی آبادی کو بینکاری کی سہولیات تک رسائی فراہم کی جاسکتی ہے جس سے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ عالمی بینک کی تجزیہ کار لیورا کلیپر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بینکاری کی سہولتوں تک خواتین کی رسائی سے صحت اور تعلیم کے شعبوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کے علاوہ بچتوں کی شرح میں بھی اضافہ کیا جاسکتاہے کیونکہ خواتین میں مردوں کی نسبت بچتوں کا رجحان زیادہ ہوتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر موبائل فونز کے استعمال میں اضافہ سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی شرح بڑھائی جاسکتی ہے اور بینکاری کی سہولتوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی کے ذریعے عالمی سطح پر غربت میں کمی لائی جاسکتی ہے جس سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ بااختیار بنانے میں مدد حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مردوں کے مقابلہ میں خواتین بینکنگ کی سہولیات سے کم مستفید ہورہی ہیں۔

عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق 2011ء کے بعد 1.2 ارب بالغ افراد نے اپنے بینک اکائونٹس کھلوائے جبکہ 2014ء کے بعد 515 ملین افراد نے اس سہولت سے استفادہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2017ء کے اختتام پر بینکاری کی سہولیات سے مستفید ہونیو الے بالغ افراد کی تعداد مجموعی عالمی آبادی کے 69 فیصد تک بڑھی ہے اور عالمی سطح پر 72 فیصد مرد جبکہ 65 فیصد خواتین اپنے بینک اکائونٹس رکھتے ہیں جبکہ ترقی پ-ذیر ممالک میں بنیکاری کی سہولتوں سے مستفید ہونے والے خواتین کی شرح مردوں کے مقابلے میں کم ہے اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں خواتین کو بینکاری کی سہولیات تک زیادہ سے زیادہ رسائی فراہم کرکے غربت کے خاتمہ میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔