سانحہ کٹھوعہ کے خلاف طلبا کی ریلیوں پرفورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت

جمعہ 20 اپریل 2018 11:00

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرنے مقبوضہ علاقے میں کٹھوعہ میں ننھی آصفہ کی بے حرمتی اور قتل کے خلا ف احتجاج کرنے والے طلبہ و طالبات پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان اعلیٰ ایڈوکیٹ زاہد علی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ شوپیان، دلنہ، اوڑی، چاڈورہ، اجس بانڈی پورہ اوردیگر علاقوں میں طلبہ کی احتجاجی ریلیوں پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ کئی نوجوانوں کی آنکھیں پیلٹ گنز کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئیں۔

انہوںنے اسلام آباد میں پولیس کے ایک افسر کی طرف سے ایک طالبہ کے ساتھ بدتمیزی اور شرمناک زبان درازی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی پولیس اہلکاروںکی حرکتوں سے انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے ترجمان نے نہتے کشمیریوں خاص طور پر طلبہ پرغیر انسانی تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔

ادھر نیشنل فرنٹ ،پیروان ولایت اور محاذ آزادی نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں وادی کشمیر میں سانحہ کٹھوعہ پر احتجاج کرنے والے طلبہ وطالبات پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بدترین مظالم اور زیادتیوں کا موجودہ دور کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے ۔انہوںنے کہاکہ طلباء کے پرامن احتجاج پر فورسز کی طرف سے طاقت کا استعمال انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔انہوںنے کہاکہ تعلیمی اداروں کو بند کرنا بھارت کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت اور کشمیری نوجوانوں کا مستقبل تاریک کرنے کی ایک سازش ہے ۔