ملکوں میں عربی بولنے والوں کی تعداد 470 ملین سے تجاوز کر گئی

جمعہ 20 اپریل 2018 09:50

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یوسف العثیمین نے اعلان کیا ہے کہ 66 ملکوں میں عربی بولنے والوں کی تعداد 470 ملین سے تجاوز کر گئی۔ عربی دنیا کی سب سے زیادہ رائج زبانوں میں چوتھے نمبر پر آ گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر یوسف العثیمین نے دبئی میں عربی کی عالمی کانفرنس کے 7 ویں سیشن سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جو (آج) ہفتہ تک جاری رہے گا۔ کانفرنس کا انعقاد ہر سال دبئی میں ہوتا ہے۔ اسی ممالک سے تقریباً 2 ہزار افراد مدعو کئے جاتے ہیں۔ عربی زبان پر 70 سے زیادہ علمی مقالات پیش کئے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر العثیمین نے بتایا کہ اس تنظیم کے 57 ممالک رکن ہیں۔ ان میں 22 عرب ملک ہیں۔ ان ممالک میں عربی اسلامی ثقافت کے سنگ بنیاد کا درجہ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے توجہ دلائی کہ عالمی نظام نے کافی پہلے عربی کو تسلیم کر لیا تھا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 28 ویں سیشن میں 1973ء کے دوران عربی کو جنرل اسمبلی اور اس کے ماتحت اداروں کی کارروائی کیلئے چھٹی رسمی زبان تسلیم کر لیا گیا تھا۔واضح رہے کہ او آئی سی 1969ء میں قائم ہوئی۔ تب سے عربی ہی اس کی رسمی زبان ہے۔ اسے یونیسکو اور افریقی یونین سمیت متعدد عالمی تنظیموں میں سرکاری زبان تسلیم کر لیا گیا ہے۔