اے ایف سی کلب لائسنسنگ سیمینار کراچی میں آج ہوگا

جمعہ 20 اپریل 2018 02:20

لاہور۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) اے ایف سی کلب لائسنسنگ سیمینار کراچی میں آج ہوگا۔ پاکستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے امیدوار کلبز کے منیجرز کو لائسنسنگ کے قواعد وضوابط سے آگاہی دی جائے گی۔ نیشنل چیلنج کپ کی منیجرز میٹنگ اور ڈراز کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اے ایف سی کی جانب واضح کیا گیا کہ کلب لائسنسنگ کے تقاضوں پر پورا اترنے والی ٹیموں کو ہی آئندہ اے ایف سی چیمپئن شپ میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔

اس حوالے سے قواعد وضوابط سے آگاہ کرنے کیلئے ایک سیمینار کا انعقاد آج سول ایوی ایشن اتھارٹی کراچی میں کیا جارہا ہے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن لیگ ڈویلپمنٹ اور کلب لائسنسنگ شعبہ کے سربراہ شاہد نیاز کھوکھر اس کی صدارت کرینگے، اے ایف سی کی جانب سے کسی بھی کلب کو لائسنس جاری کرنے کیلئے 15شرائط رکھی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سیمینار کے شرکاء کو ان سے آگاہی دی جائے گی۔

پاکستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے امیدوار کلبز کو پابند کیا گیا کہ اپنے منیجرز کو ایونٹ میں شرکت کیلئے بھجوائیں،’’اے‘‘ کیساتھ ’’بی‘‘ ڈویژن میں شامل ٹیموں کے نمائندے بھی سیمینار میں مدعو کئے گئے ہیں۔ پی ایف ایف چاہتی ہے کہ اس سطح پر ہی ان کو لائسنسنگ کے حوالے آگاہی دی جائے تاکہ بعد ازاں کوئی مسائل پیدا نہ ہوں۔ شاہد نیاز کھوکھر کا کہنا ہے کہ اے ایف سی کلب لائسنسنگ کلبز کو ریگولر کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔

ایشن باڈی اس معاملے میں بڑی سنجیدگی سے کام کررہی ہے اور پی ایف ایف شرائط پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے بڑی جانفشانی سے کام کرے گی۔صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ 3سال بعد ملک میں فٹ بال کی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد کلبز کا تنظیمی ڈھانچہ بہتر بنانے کی اشد ضرورت تھی،اس ضمن میں کلب لائسنسنگ اہم کردار ادا کرے گی۔پی ایف ایف کے مطابق21اپریل کو کے پی ٹی سٹیڈیم کراچی میں افتتاحی تقریب کیساتھ شروع ہونے والے نیشنل چیلنج کپ کی منیجرز میٹنگ اور ڈراز کا اعلان بھی آج کیا جائے گا،فیڈریشن کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل شہزاد انور اور ڈائریکٹر کمپیٹیشن سجاد محمود کی صدارت میں ہونے والی تقریب میں ایونٹ کا حصہ بننے والی ٹیموں کے نمائندے شریک ہونگے۔

یاد رہے کہ چیلنج کپ میں 24ٹیمیں ٹائٹل کیلئے برتری کی جنگ لڑیں گی، صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے گزشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ چینلج کپ کی انعامی رقم 500گنا اضافے کیساتھ ساڑھے 25لاکھ روپے کردی گئی ہے۔