اضافہ شدہ

ْوزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس سے کلیرنس ہائونس لندن میں ملاقات وزیراعظم نے عالمی سطح پر خیراتی اداروں کیلئے برطانیہ کے شاہی خاندان کی خدمات کو سراہا

جمعہ 20 اپریل 2018 00:50

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس سے کلیرنس ہائونس لندن میں ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے برطانیہ کو کامن ویلتھ ہیڈز آف گورنمنٹ میٹنگ 2018ء (سی ایچ او جی ایم) کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کا بانی ممبر ہونے کی حیثیت سے دولت مشترکہ کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ 2 سال کیلئے دولت مشترکہ کی برطانیہ کو صدارت ملنے پر اس کا خیرمقدم کرتا ہے۔ وزیراعظم نے عالمی سطح پر خیراتی اداروں کیلئے برطانیہ کے شاہی خاندان کی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں برطانیہ کی جانب سے پاکستان کی مدد کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شہزادہ چارلس کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔اس موقع پر پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس نے پاکستان کی کامن ویلتھ ہیڈز آف گورنمنٹ میٹنگ 2018ء میں اعلیٰ سطح پر شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دولت مشترکہ کیلئے پاکستان کی گرانقدر خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے اقتصادی اصلاحات اور بہتر طرز حکمرانی کی کوششوں کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کی سیاسی قیادت کی تعریف کی۔