Live Updates

عمران خان ووٹ خریدنے والے چوہدری سرور کے خلاف کیوں کاروائی نہیں کرتا، صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

۔ ووٹ بیچنا اور خریدنا دونوں بدترین جرم ہیں، مارشل لاؤں کے حق میں فیصلے دینے والے ججوں کا بھی احتساب ہونا چایئے عدلیہ آج بھی نظریہ ضرورت کی اسیر ہے۔ دنیا بھر میں عدالتی فیصلوں پر تنقید ہوتی ہے،سیاستدان جارحانہ نہیں مصالحانہ رویہ اختیار کریں،ترجمان ایم ایم اے

جمعرات 19 اپریل 2018 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ عمران خان ووٹ خریدنے والے چوہدری سرور کے خلاف کیوں کاروائی نہیں کرتا۔ ووٹ بیچنا اور خریدنا دونوں بدترین جرم ہیں۔ مارشل لاؤں کے حق میں فیصلے دینے والے ججوں کا بھی احتساب ہونا چایئے۔

عدلیہ آج بھی نظریہ ضرورت کی اسیر ہے۔ دنیا بھر میں عدالتی فیصلوں پر تنقید ہوتی ہے۔ سیاستدان جارحانہ نہیں مصالحانہ رویہ اختیار کریں۔ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے مشترکہ محاذ بنایا جائے۔ نگران وزیراعظم کی نامزدگی کا معاملہ الیکشن کمیشن میں نہیں جانا چایئے۔ آئین کی دفعہ 19 میں دی گئی آذادی اظہار پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

زبان بندیاں آئین سے متصادم ہیں۔ سیاسی جماعتیں کرپٹ افراد کو ٹکٹ نہ دیں اور نفاذ نظام مصطفے کو اپنے منشور کا حصہ بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کی پاکستانی سرحد کے قریب فوجی مشقیں بھارتی جنگی جنون کا ثبوت ہے۔ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ عالمی امن کے لئے خطرہ ہے۔

تیسری عالمی جنگ کا بگل بج چکا ہے۔ عربوں اور ایرانیوں کو لڑا کر چارے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ شام میں عالمی سرمایہ دار قوتیں وسائل پر قبضے کے لئے جنگ کے شعلے بھڑکا رہی ہیں۔ ڈالروں کے بدلے پاکستانیوں کو امریکہ کے حوالے کرنے والوں کا احتساب کون کرے گا۔ زبان بندیوں اور پابندیوں سے سیاسی عمل روکنا ممکن نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات