برصغیر کی معروف غزل گائیک اور نامور گلو کارہ اقبال بانوکی 9ویں برسی پرسوں منائی جائیگی

جمعرات 19 اپریل 2018 12:54

برصغیر کی معروف غزل گائیک اور نامور گلو کارہ اقبال بانوکی 9ویں برسی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اپریل2018ء) برصغیر کی معروف غزل گائیک اور پاکستان کی نامور گلو کارہ اقبال بانوکی 9ویں برسی پرسوں منائی جائے گی۔ اقبال بانو 1935 ء میں بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہوئیں اورانہوں نے موسیقی کی تربیت استاد چاند خان سے حاصل کی اور 1950 ء میں اپنی فنی زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان لاہور سے کیا۔انہیں غزل گائیکی کے ساتھ ساتھ کلاسیکل، نیم کلاسیکل، ٹھمری اور دادرہ میں بھی خاص ملکہ حاصل تھا۔

(جاری ہے)

وہ اردو، پنجابی، فارسی زبانوں پر مکمل عبور رکھتی تھیں،یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مختلف زبانوں میں غزل گائیکی میں اپنی خصوصی مہارت سے نمایاں مقام حاصل کیا۔انہوں نے متعدد فلموں کیلئے غزلیں اور گیت گائے،فلم قاتل میں ان کی آواز میں گایا ہو اگیت پائل میں گیت ہیں چھم چھم کے، تولاکھ چلے ری گوری تھم تھم کے نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔1990 ء میں صدارتی ایوارڈ حاصل کیا۔اقبال بانو 21اپریل 2009 ء کو 74 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کر گئی تھیں۔